ایران اور پاکستان دنیا میں کثیر الفریقی تعلقات کے فروغ پر متفق ہیں: ڈاکٹر ظریف

ایران اور پاکستان دنیا میں کثیر الفریقی تعلقات کے فروغ پر متفق ہیں: ڈاکٹر ظریف

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے مطابق شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات میں اسلامو فوبیا کے تدارک کے بارے میں تعاون پر اتفاق رائے کیا گیا

ایران اور پاکستان دنیا میں کثیر الفریقی تعلقات کے فروغ پر متفق ہیں: ڈاکٹر ظریف

 

ابنا۔ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ایک ٹوئٹ میں، پاکستانی وزیر خارجہ کے ساتھ تہران میں اپنی ملاقات کا ذکرکرتے ہوئے لکھا ہے کہ، اس ملاقات میں باہمی تعلقات کے فروغ، افغانستان اور فلسطین کے بارے میں علاقائی ہم آہنگی اور دنیا میں کثیر الفریقی تعلقات کے حوالے سے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

 ایران کے وزیرخارجہ نے اپنے ٹوئیٹ میں مزید لکھا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان نئی سرحدی گزرگاہ کا افتتاح کردیا گیا ہے جبکہ مشترکہ سرحدی منڈیوں کے قیام کے سمجھوتے پر دستخط کیے گئے۔

 وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے مطابق شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات میں اسلامو فوبیا کے تدارک کے بارے میں تعاون پر اتفاق رائے کیا گیا۔

 پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی منگل کی شام تین روزہ دورے پر تہران پہنچے تھے۔  بدھ کے روز انہوں نے صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات کی جبکہ شام کو وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف سے مذاکرات کے  بعد مشترکہ سرحدی منڈیوں کے قیام کے سمجھوتے پر دستخط کیے۔

 اس سے پہلے ایران اور پاکستان کے درمیان نئی سرحدی گزرگاہ پیشن مند کا افتتاح بھی عمل میں آیا ہے جس میں دونوں ملکوں کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

 ایران اور پاکستان کے درمیان سرحدی گزرگاہوں اور مشترکہ سرحدی منڈیوں کے قیام سے جہاں ایک ہزار کلومیٹر طویل سرحدوں کی نگرانی اور انتظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی وہیں پاکستان کے صوبے بلوچستان اور ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں آباد لوگوں کی معاشی صورتحال میں بھی بہتری کی توقع ہے۔

 مشترکہ سرحدی منڈیوں کے قیام سے سرحدوں کے دونوں جانب آباد لوگوں کو قانونی تجارتی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع ملے گا اور اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

 ایران اور پاکستان کے درمیان سرحدی منڈیوں کے قیام کا نظریہ سب سے پہلے، سن دوہزار انیس میں صدر حسن روحانی اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پیش کیا گیا تھا۔ پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اپنے دورہ ایران کو جاری رکھتے ہوئے مشہد مقدس پہنچے ہیں جہاں انہوں نے فرزند رسول حضرت امام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کی زیارت کا شرف حاصل کرنے کے علاوہ آستان قدس رضوی کے متولی حجت الاسلام احمد مروی سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔

ای میل کریں