یمنی آل سعود کی ہر چالاکی سمجھ چکے ہیں:سید حسن نصراللہ
المنار ٹیلی ویژن چینل کی رپورٹ کے مطابق لبنان میں حزب اللہ کے سکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے کہا کہ یمن کے مظلوم عوام کے خلاف ایک نئی میڈیا اور سیاسی جنگ شروع کی گئی ہے اور یہ دعوی کیا جارہا ہے کہ سعودی حکام یمن میں جنگ روکنا چاہتے ہیں لیکن انصار اللہ اس کے خلاف ہیں جبکہ یمنیوں کو جو پیش کش کی جارہی ہے وہ دشمنیوں کا خاتمہ نہیں بلکہ جنگ بندی ہے درحالیکہ یمنی بندرگاہوں ، ہوائی اڈوں ،سرحدوں کا محاصرہ جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ یمنیوں کو جو کچھ پیش کیا گیا ہے وہ ایک بہت بڑا فریب ہے جس سے نہ تو عبدالمالک الحوثی ، نہ انصار اللہ ، نہ ہی یمنی علماء ،یہاں تکہ کہ یمنی بچے بھی نہیں مانتے ہیں جبکہ یمنی عوام مزاحمت اور سیاست میں ہنر مند ہیں لہذاسعودیوں اور امریکیوں کو اپنا وقت ضائع نہیں کرنا چاہئے خاص طور پر جب انہیں یہ یقین ہوچکا ہے کہ یمنیوں کو دھوکہ نہیں دیاجا سکتا۔
سید حسن نصراللہ نے زور دے کر کہاکہ محاصرے کو اٹھائے بغیر جنگ بندی ایک گمراہ کن عمل ہے اور وہی ایسا کرنے کی خواہش ظاہر کرتا ہے جو فوجی میدان میں کامیابی حاصل نہیں کرسکتا، انہوں نے سعودی عہدیداروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اپنا وقت ضائع نہ کریں کیونکہ آپ کا کھیل یمنیوں کے سامنے عیاں ہو چکا ہے ،اب جنگ روکنے اور محاصرے کو ختم کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے