پوپ فرانسس کی آیت اللہ سیستانی سے ملاقات، مکتب تشیع کا سر فخر سے بلند، امام جمعہ سکردو

پوپ فرانسس کی آیت اللہ سیستانی سے ملاقات، مکتب تشیع کا سر فخر سے بلند، امام جمعہ سکردو

حجت الاسلام شیخ حسن جعفری نے کہا کہ عبوری اور آئینی صوبے سے متعلق تمام شقوں سےعوام کو آگاہ کیا جائے

پوپ فرانسس کی آیت اللہ سیستانی سے ملاقات، مکتب تشیع کا سر فخر سے بلند، امام جمعہ سکردو

 

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ سکردو علامہ حسن جعفری نے جمعہ کے خطبوں میں بعثت پیغمبر اسلام کی تبریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید مبعث بہت بڑی عید ہے کہ جس دن پیغمبر اکرم رسالت کے اعلیٰ درجے پر فائز ہوئے ہمیں اس عظیم دن کی اہمیت اور معنویت کو سمجھ کر اعمال بجا لانے کی ضرورت ہے۔

حجت الاسلام و المسلمین جعفری نے کہا کہ مبعث کا دن،خدا کے سامنے خضوع اور خشوع کے ساتھ عنایت اور نعمت پروردگار لینے کا دن ہے ہمارے لئے خدا کی طرف سے بہت سارے دروازے کھلے ہیں ہمارے مانگنے میں سستی اور کاہلی ہے اس میں خدا اور اہل  بیت(ع) کا کوئی قصور نہیں ہے۔

امام جمعہ شہر سکردو نے عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے ہفتے کی جو سب سے بڑی خبر تھی وہ عیسائی روحانی پیشوا پاپ فرانسس کی مرجع عالیقدر حضرت آیت اللہ العظمی سیستانی کے ساتھ ملاقات کی خبر تھی اس ملاقات سے مکتب تشیع کا سر فخر سے مزید بلند ہو گیا اور پوپ فرانسس آیت اللہ سیستانی کی تواضع اور انکساری سے بہت متأثر ہوئے اور انٹرویو میں کہ رہے تھے کہ جس معنویت اور روحانیت کو میں نےآیت اللہ سیستانی میں پایا آج تک کسی دوسری شخصیت میں نہیں پایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 400 سے زیادہ ٹی وی چینلوں نے براہ راست اس خبر کو نشر کیا اور دنیا میں تشیع ایک اہم پیغام منتشر ہوا۔

علامہ حسن جعفری نے گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنائے جانے کی ارکان اسمبلی کی قرارداد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان اسمبلی میں تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے متفقہ طور پر عبوری اور آئینی صوبے سے متعلق قرارداد کا پاس ہونا خوش آئند بات ہے اور ہمیں امید ہے کہ قومی اسمبلی بھی اس قرارداد کو منظور کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو پارٹی عبوری صوبے کے حوالے سے مخالفت کرے گی تو آئندہ کے انتخابات میں اس پارٹی کیلئے جی بی میں کوئی جگہ باقی نہیں رہےگی۔

حجت الاسلام شیخ حسن جعفری نے کہا کہ عبوری اور آئینی صوبے سے متعلق تمام شقوں سےعوام کو آگاہ کیا جائے اگر ان شقوں کے اندر کوئی ایسی شق جو عوامی امنگوں کے مطابق نہ ہو، توحکومت کو بھرپور عوامی مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے قبضہ مافیا کی واضح الفاظ میں مذمت اور مخالفت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ گلگت بلتستان میں خالصہ سرکار نام کی کوئی زمین نہیں ہے ان زمینوں پر یہاں کے عوام کا حق ہے۔

شیخ حسن جعفری نے کہا کہ جی بی آئینی عبوری صوبے کے حوالے سے آرمی چیف کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور یہ واحد ادارہ ہے کہ جس سے پوری قوم  کو انصاف کی امید ہے۔

آخر میں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سکردو روڈ کے بلاک ہونے کی وجہ سے پریشانی اور مشکلات میں گرفتار بہت سے مسافریں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں،ان کی مشکلات کو فوری طور پر ختم کرے تاکہ آمد و رفت کا سلسلہ شروع ہو سکے۔

ای میل کریں