مرحوم شیخ الزین، انقلاب اسلامی کی حمایت کو واجب سمجھتے تھے، شیخ نعیم قاسم
حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے ایک پیغام میں،مسلم علماء کونسل لبنان اور شیخ احمد الزین کے اہل خانہ سے، مرحوم کی وفات پر اظہار تعزیت کیاہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہاکہ شیخ احمد الزین اسلامی عمل کے میدان میں نمایاں تھے اور انہوں نے لبنان میں مسلم علماء کونسل کے قیام اور اس کی صدارت کے دوران اپنے قول ، مؤقف ، طرز عمل اور شراکت سے شیعوں اور سنیوں کے درمیان اسلامی اتحاد کو مضبوط کیا۔
شیخ الزین نے پوری مضبوطی سے فلسطین اور القدس کا دفاع کیا
شیخ قاسم نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ شیخ الزین نے فلسطین اور القدس کا مضبوطی سے دفاع کیا اور اسرائیلی غاصبوں کے خلاف مزاحمت و مقاومت کا مظاہرہ کیا،مزید کہاکہ مرحوم نے لبنانی مزاحمت کی حمایت کی اور اپنے آبائی شہر صیدا کی طرح قابضین کے مقابلے میں صف اول میں موجود رہے۔
مرحوم شیخ الزین انقلاب اسلامی کی حمایت کو واجب سمجھتے تھے
حزب اللہ کے نائب سیکرٹری جنرل نےاس بات پر زور دیتے ہوئے کہ شیخ الزین انقلاب اسلامی ایران کے حامیوں میں سے ایک تھے،آپ امام خمینی(رح) کے ساتھ ملاقات میں پیش پیش تھے،کہا کہ مرحوم و مغفور انقلاب اسلامی کی حمایت کو واجب سمجھتے تھے اور انہوں نے اسلام کے پھیلاؤ میں فرقہ وارانہ رکاوٹیں ختم کردیں اور مسلم طاقت کو اکٹھا کرنے میں شب و روز کوشش کی۔
شیخ نعیم قاسم نے اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ لبنان نے مزاحمت اور عالم اسلام کے محور شیخ الزین کو کھو دیا،مزید کہا کہ مرحوم کی سیرت دور حاضر کے ہمارے علماء، نسلوں اور آئندہ نسلوں کے لئے ایک روشن مینارہ کی مانند باقی رہے گی۔