بھارت نے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں، علامہ سید جواد نقوی

بھارت نے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں، علامہ سید جواد نقوی

مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل بن چکا ہے، شاہ محمود

بھارت نے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں، علامہ سید جواد نقوی

اسلام ٹائمز۔ تحریکِ بیداریِ اُمتِ مصطفیٰ کے زیراہتمام جامعہ عروۃ الوثقیٰ لاہور میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے تقریب منعقد ہوئی۔ جس سے علامہ سید جواد نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں اسرائیلی مداخلت سے بھارتی مظالم بڑھ گئے ہیں، اور اسرائیلی مشورے سے ہی کشمیر میں آبادی کا تناسب بگاڑا جا رہا ہے۔ علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر ملتِ اسلامیہ پاکستان کا قومی اور مذہبی مسئلہ ہے، اور اس کے حل کیلئے تمام ملتِ اسلامیہ پاکستان کیساتھ ہم قدم اور ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی گجرات کا قصاب ہے، لیکن اس نے کشمیر کو بھی گجرات بنا رکھا ہے، بھارت نے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران بھی سوائے دن منانے اور دو منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کے اور کچھ نہیں کر رہے، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مسلم ممالک کی خاموشی بھی افسوسناک ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے کہ عالمی سطح پر دیگر ممالک مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے ہمنواء نہیں بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ صرف آیت اللہ خامنہ ای نے کھل کر مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی تائیدو حمایت کی ہے۔ علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ کشمیر جغرافیائی طور پر بھی پاکستان کا حصہ ہے، بھارتی اپنے بے بنیاد پروپیگنڈے کے باوجود کشمیریوں کو رام نہیں کر سکا۔ تقریب کے بعد جامعہ عروۃ الوثقیٰ سے ’’یکجہتی کشمیر ریلی‘‘ نکالی گئی۔ جس کے شرکاء نے کشمیریوں کے حق میں اور بھارت کیخلاف نعرے بازی بھی کی۔

 

مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل بن چکا ہے، شاہ محمود

وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ آج مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل بن چکا ہے، 5 اگست 2019ء کے بھارت کے غیر قانونی اقدامات سے مقبوضہ خطہ تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے۔ جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کے سفیروں کے ہونے والے اجلاس سے وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ جموں و کشمیر کے او آئی سی رابطہ گروپ نے یومِ یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے غیر رسمی اجلاس منعقد کیا جس میں پاکستان، ترکی، سعودی عرب، نائجر اور آذربائیجان کے مستقل نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کی نمائندگی اقوامِ متحدہ میں او آئی سی آبزرور مشن کے مستقل مندوب، سفیر آگشین مہدیئیف نے کی۔ شاہ محمود قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں صورتِ حال عالمی برادری سے چھپی ہوئی نہیں، جموں و کشمیر کے مظلوم عوام سے یک جہتی پر امتِ مسلمہ کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، مقبوضہ کشمیر دنیا میں سب سے زیادہ قابض افواج کی موجودگی والا خطہ بن چکا ہے۔ وزیرِ خارجہ نے کہا کہ بھارت نے جموں و کشمیر میں 9 لاکھ فوج تعینات کر رکھی ہے، کشمیریوں کو جسمانی، سیاسی، نفسیاتی طور پر کچلنے کیلئے بھارتی ظالمانہ مہم جاری ہے، ہزاروں کشمیریوں کا کچھ پتہ نہیں کہ قابض بھارتی افواج نے انہیں کہاں قید کر رکھا ہے۔

ای میل کریں