فلم "The lady of heaven" مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کا نیا منصوبہ

فلم "The lady of heaven" مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کا نیا منصوبہ

دشمنان اسلام کی جانب سے تاریخ میں کئی بار اپنی مکاریوں سے اسلام کا روشن چہرہ برداشت نہ کرتے ہوئے مسلمانوں کو آپس میں لڑانے اور تفرقے بازیوں کی مختلف اقسام کی تدابیر اختیار کی ہیں

فلم "The lady of heaven" مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کا نیا منصوبہ

 

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، برطانوی ایجنسی کی جانب سے ایام فاطمیہ میں "The lady of heaven" نامی فلم ریلیز کے سلسلہ سے مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے پاکستان کے بے باک مبلغ علامہ ڈاکٹر کرم علی حیدری المشہدی نے کہا کہ اس طرح کی فلمیں مسلمانوں کے درمیان تفریق،بغض و عداوت ڈالنے کی کوشش کی ہے۔

 

علامہ موصوف کا مکمل بیان اس طرح ہے:

دشمنان اسلام کی جانب سے تاریخ میں کئی بار اپنی مکاریوں سے اسلام کا روشن چہرہ برداشت نہ کرتے ہوئے مسلمانوں کو آپس میں لڑانے اور تفرقے بازیوں کی مختلف اقسام کی تدابیر اختیار کی ہیں۔

لیکن خداوند متعال نے دین اسلام کو اپنا پسندہ ترین دین قرار دیکر دشمنوں کی مکاریوں اور فریبی چالوں کو ناکام بنایا ہے۔

دشمنان اسلام نے اپنے ناپاک عزائم سے مسلمانوں کے درمیان تفریق ڈالنے کیلئے آئے دن کوئی نہ کوئی نہ چال چلی ہے جنکو ناکام کرنے کے لئے عالم اسلام کی شخصیات و مراجع تقلید شیعیان جہان نے اپنی دقیقانہ علمی و تحقیقی تدبیروں سے انکو انکے مذموم مقاصد و اہداف و عزائم میں ناکامی دلائی ہے۔

اور اسی طرح مرجع کبیر حضرت امام خمینی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے ایک اہم ترین اعلان فرمایا تھا کہ اگر کوئی شیعہ و سنی مسلمانوں کے درمیان عداوت و تفریق ڈالنے کی کوئی مذموم حرکت کرے تو یقین کرلیں کہ نہ وہ شیعہ ہے اور نہ ہی وہ سنی ہے بلکہ وہ استعمار کا ایجنٹ ہے۔

اسی طرح حضرت امام خمینی رح کی زندگی میں اور انکے اس فانی جہان سے انتقال فرما جانے کے بعد مقام معظم رہبری، ولیٔ امر مسلمین جہان حضرت آیۃ اللہ العظمی آقای سید علی خامنہ ای مدظلہ العالی اور دیگر تمام مراجع تقلید عظام نے واضح طور پہ عملی طور پہ ثابت کیا ہے کہ شیعہ و سنی مسلمان ایک محکم اور مظبوط زنجیر ہیں اور کسی بھی شیعہ کو سنی کے مقدسات اور کسی سنی کو شیعہ کے مقدسات کی توھین کرنا شرعاً حرام ہے۔

الحمد للّٰہ تمام مسلمان جہان نے آپس میں عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہوئے دشمنان اسلام کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے تھے۔

لیکن حالیہ دنوں میں دشمنان اسلام جنکی سرپرستی یہود و نصاری کررہے ہیں انہوں نے مسلمانوں کو آپس میں لڑانے اور انکے درمیان اتحاد و اتفاق کی مظبوط دیواروں کے درمیان دراڑیں ڈالنے کیلئے اچانک پھر سے لندن سے حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا بنت رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کے نام پر ایک فلم بنائی ہے جسکا نام the lady of heaven رکھ کر اس میں مسلمانوں کے درمیان تفریق،بغض و عداوت ڈالنے کی کوشش کی ہے۔

قبل اسکے کہ کچھ نافہم لوگ دشمنوں کی مکاریوں کو نہ سمجھتے ہوئے ایک دوسرے سے جدائیاں ڈالیں تو اس وڈیو فلم کا بالکل بائیکاٹ کریں اور تمام مسلمان اس وڈیو فلم کو دیکھنے سے پرھیز کریں اور ہر شخص اپنے علاقے کے لوگوں کو آگاہ کرے کہ اس ویڈیو فلم کو دیکھنا حرام ہے اور ہم شیعیان جہان کا اس وڈیو سے کوئی تعلق نہیں بلکہ ہم اس وڈیو فلم کے تمام بنانے والوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اعلان کرتے ہیں کہ جس نے بھی یہ وڈیو فلم بنائی ہے اس کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ۔

ہمیں چاھئیے کہ دشمنان اسلام کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے مراجع تقلید شیعیان جہان،رھبر معظم و قائدین اسلام کی جانب سے مسلمانوں کے درمیان اتحاد پیدا کرنے کیلئے پیش کی جانے والی ھدایات پہ عمل کریں۔

خداوند متعال ہم سب کو آپس میں اتحاد و اتفاق کے ساتھ رھنے کی توفیق عطا فرمائے اور دشمنان اسلام کو ذلیل و رسوا کرے۔

 

آمین یارب العالمین بحق طہ و یس۔

کرم علی حیدری المشہدی

مرکزی جوائنٹ سیکریٹری وفاق المدارس الشیعہ پاکستان۔

سرپرست مدرسہ علمیہ حضرت امام العصر عج فاؤنڈیشن حیدرآباد سندھ پاکستان

ای میل کریں