حضرت امام خمینی رحمہ اللہ نے حضرت عیسی علیہ السلام کی ولادت کے موقع پر ۱۳۵۸ ھ،ش میں عیسائی پادریوں کی محفل میں حضرت عیسی علیہ السلام کے معجزات کو بیان کرتے ہوئے انہیں استکباری و خدا کی مخالف طاقتوں کا مقابلہ کرنے کی دعوت دی۔ امام خمینی رحمہ اللہ نے فرمایا: میں حضرت عیسی علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر دنیا کی تمام مظلوم اقوام اور حضرت عیسی علیہ السلام کی قوم نیز اپنے ملک کے عیسائیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
حضرت عیسی علیہ السلام مکمل معجزہ تھے۔ یہ بھی ایک معجزہ تھا کہ وہ ایک پاک و پاکیزہ ماں سے پیدا ہوئے، یہ بھی ایک معجزہ تھا کہ انہوں نے گہوارے میں بات کی، یہ بھی ایک معجزہ تھا کہ وہ انسانیت کے لئے صلح، امن اور دینداری کا پیغام لے کر آئے۔ تمام انبیاء معجزے ہیں اور سب انسان کو سنوارنے کے لئے آئے ہیں۔ ہر ایک چاہتا ہے کہ بنی نوع انسان خدا کے سیدھے راستے پر چلیں، ہر ایک چاہتا ہے کہ تمام انسان امن اور بھائی چارے کے ساتھ زندگی بسر کریں۔ یہ خدائی نمائندوں کا فرض ہے کہ وہ انسانیت کو اس عالم مادی سے سے نکال کر عالم اعلیٰ تک پہنچائیں۔ قوموں کے علماء کا بھی ایک فرض ہے چاہے وہ حضرت عیسی علیہ السلام کے پیروکار علماء ہوں، چاہے وہ مسلمان علماء ہوں، چاہے یہودی علماء ہوں بلکہ تمام علماء کا فرض ہے اور وہ فرض یہ ہے کہ وہ تمام انبیاء کی پیروی کریں جو انسانیت کی تعلیم اور تمام انسانوں کے لئے امن و سلامتی کا پیغام لے کر آئے ہیں۔ وحی الہی پر مبنی انبیاء کی آرزوؤں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے علماء سب سے پہلے مقام پر ہیں۔ علماء کا ایک خدائی فرض ہے جو دوسرے لوگوں کے فرائض سے زیادہ ہے اور یہ ایک خدائی ذمہ داری ہے۔
رہبر کبیر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ عیسائی علماء کا فرض ہے کہ وہ حضرت عیسی علیہ السلام اور خداوندمتعال کی تعلیمات کے مطابق ایسی طاقتوں کے خلاف لڑیں جو انبیاء اور خاص طور پر حضرت عیسی علیہ السلام کی راہ کے خلاف کام کرتے ہیں وہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی قوم کو نصیحت کریں اسے رہنمائی کریں کہ وہ ایسی طاقتوں کی ہرگز پیروی نہ کریں جو حضرت عیسی علیہ السلام کی تعلیمات کے خلاف ہیں۔ جب میں حضرت عیسی علیہ السلام کے پادریوں کا سامنا کرتا ہوں تو مجھے ان سے متعلق امور کو بیان کرنا چاہئے۔ آپ سے متعلق مسائل یہ ہیں کہ آپ دنیا کے مسائل کو حقیقت کی نگاہ سے دیکھیں اور دیکھیں کہ عیسائیت کے دعویداروں کے ہاتھوں قوموں کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔ امام خمینی رحمہ اللہ نے ایک اور اہم پیغام میں فرمایا کہ حضرت عیسی علیہ السلام مظلوموں کے حامی اور ناصر تھے اور وہ عدالت کے نفاذ کے لئے مبعوث ہوئے تھے۔