میلاد حضرت مسیح(ع) کی مناسبت سے امام خمینی(رح) کا پیغام

میلاد حضرت مسیح(ع) کی مناسبت سے امام خمینی(رح) کا پیغام

حضرت عیسی علیہ السلام کے یوم ولادت پر رہبر انقلاب اسلامی کا ہدیہ تبریک

میلاد حضرت مسیح(ع) کی مناسبت سے امام خمینی(رح) کا پیغام

 پیرس میں اپنے قیام کے دوران امام خمینی (رح)نے حضرت عیسی مسیح  (ع) کی میلاد کی مناسبت سے دسمبر 1979 ء کو ایک پیغام کے ذریعے حضرت عیسیٰ ؑ کی ولادت  کی مبارکبادی دیتے ہوئے دنیا بھر کے عیسائیوں سے درخواست کی کہ وہ ظالم شہنشاہی حکومت کے پنجوں  سے ملت ایران کی رہائی کے لئے دعا کریں۔ اسی طرح آپ نے عیسائی علماء سے بھی درخواست کی کہ وہ طاقتور ممالک کے سربراہوں کو اس راہ کی طرف بلائیں۔ اس پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے:

 

بسم اللہ الرحمن الرحیم

خدائے بزرگ و برتر کا درود و سلام ہو اس عظیم الشان پیغمبر حضرت عیسی ابن مریم روح اللہ پر کہ جنہوں  نے مردوں کو زندہ اور سوئے ہوئے لوگوں کو بیدار کیا ! اور خدائے متعال کا سلام ہو ان کی عظیم الشان ماں مریم عذرا و صدیقہ حورا پر کہ جنہوں نے نفخہ الٰہی کے ذریعے ایسے عظیم المرتبت بیٹے کو رحمت الٰہی کے طلب گاروں کے حوالے کیا ! درود ہو ان علماء ، احبار اور رہبانوں پر جو حضرت عیسیٰ مسیح  ؑکی تعلیمات کے ذریعے اپنے سرکش نفس کو سکون کی جانب بلاتے ہیں! درود ہو ان حریت پسند عیسائیوں پر جو عیسیٰ روح اللہ کی آسمانی تعلیمات سے بہرہ مند ہیں!

میں، ایران کی مظلوم قوم کے نام پر آپ عیسائی قوم سے درخواست کرتا ہوں کہ اپنے مقدس ایام کے دوران ، ظالم بادشاہ کے چنگل میں گرفتار ہماری قوم کے لئے دعا کریں اور خدائے متعال سے ان کی کشادگی کی درخواست کریں۔ میں آپ کی عظیم قوم سے گزارش کرتا ہوں کہ بعض عیسائی ممالک کے ان سربراہوں کوخبردار کریں اور انہیں حضرت مسیح علیہ السلام کی تعلیمات سے آگاہ کریں جو اپنی شیطانی طاقت کے ذریعے ظالم و ستمگر شاہ کی پشت پناہی کر رہے اور ایک قوم کو ظلم و ستم کی چکی میں پیس رہے ہیں۔

میں عیسائی علماء سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ بعض طاقتور ممالک کے سربراہوں کو نصیحت کریں اور ان کی ایسے شخص کی پشت پناہی کرنے کی مذمت کریں جو آسمانی تعلیمات سے منہ پھیرے ہوئے ہے۔ قرآن کریم نے حضرت عیسی علیہ السلام کو عظمت و بزرگی کے ساتھ یاد فرمایا اور حضرت مریم (ع)  کی پاکیزگی بیان فرمائی ہے۔ عیسائی قوم پر ضروری ہے کہ مسلمان ملت کا یہ قرض چکائے۔

والسلام

روح اللہ الموسوی الخمینی

صحیفہ امام (رح)، ج۵، ص ۲۷۲

 

حضرت عیسی علیہ السلام کے یوم ولادت پر رہبر انقلاب اسلامی کا ہدیہ تبریک

ابنا۔ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے انگریزی زبان میں اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں حضرت عیسی (ع) کی ولادت با سعادت کی مسلمانوں اور ایرانی اور غیر ایرانی عیسائیوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے بھی عالمی سربراہوں کے نام الگ الگ پیغامات میں ان کو نئے عیسوی سال کی آمد اور حضرت عیسی (ع) کے یوم پیدائش پر مبارکباد دی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بھی اپنے الگ الگ پیغامات میں عیسائی برادری کو نئے عیسوی سال 2021 کی آمد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ حضرت عیسی (ع) کی تعلیمات پرعمل پیرا ہونے سے پوری انسانیت کیلئے امن، انصاف اور کامیابی کے حصول کی فراہمی ہوگی۔

ای میل کریں