امام خمینی

ایران کے سینئر ایٹمی سائنسداں محسن فخری زادہ کے قتل کی تفصیلات اور ایران کا رد عمل سامنے آگیا

ایران کے سینئر ایٹمی سائنسداں محسن فخری زادہ کو دار الحکومت تہران کے نزدیک آبسرد نواحی علاقے کے ایک چوراہے پر خودکش حملے میں شہید کر دیا گیا۔

ایران کے سینئر ایٹمی سائنسداں محسن فخری زادہ کے قتل کی تفصیلات اور ایران کا رد عمل سامنے آگیا

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کے سینئر ایٹمی سائنسداں محسن فخری زادہ کو دار الحکومت تہران کے نزدیک آبسرد نواحی علاقے کے ایک چوراہے پر خودکش حملے میں شہید کر دیا گیا۔

یہ حملہ جمعے کو دو پہر 2 بج کر 40 منٹ پر کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پہلے ان کی گاڑی پر ایک دہشت گرد نے فائرنگ کی اس کے بعد ایک یوٹیلیٹی میں سوار خودکش حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا۔ اس کے بعد نزدیک موجود اس کے دہشت گرد ساتھیوں نے محسن فخری زادہ کی گاڑی پر فائرنگ شروع کر دی۔ اس حملے کے بعد محسن فخری زادہ کے ساتھ ان کے کچھ رشتہ دار اور سیکورٹی گارڈز بھی بری طرح زخمی ہوئے۔ حملے میں ان کا ایک باڈی گارڈ بھی شہید ہو گیا۔

حملے کے بعد ایران کے ایٹمی سائنسداں محسن فخری زادے کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال پہنچايا گیا تاہم ڈاکٹرز انہيں بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے اور وہ شہید ہوگئے۔

اس موقع پر ہونے والی جھڑپوں میں کئی لوگ ہلاک ہوئے جن کی شناخت ابھی تک واضح نہیں کی گئی ہے تاہم کچھ ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کئی حملہ آور بھی شامل ہیں۔

ایران کی وزارت دفاع نے ایک بیان جاری کرکے واقعے کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ حملے کے بعد زخمی حالت میں محسن فخری زادہ کو اسپتال لے جایا گیا لیکن ان کو زندہ رکھنے کی ڈاکٹروں کی کوشش کامیاب نہیں ہو سکی اور ایران کے ایک اور عظیم خادم کی برسوں تک اپنے ملک اور قوم کی خدمت کے بعد شہادت واقع ہوگئی۔

ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ شہید فخری زادہ کے قتل میں اسرائیل کے ملوث ہونے کے اشارے ملے ہیں۔

 

انہوں نے لکھا کہ دہشت گردوں نے ایران کے ایک اور سینئر سائنسداں کو قتل کر دیا۔ یہ بزدلانہ اقدام جس میں اسرائیل کے ملوث ہونے کے اشارے ملے ہیں، ناکامی کے بعد جنگ کی کوشش کی علامت ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ایران عالمی برادری خاص طور پر یورپی یونین سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنے توہین آمیز دوغلے رویے کو ختم کرے اور اس دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح فوج کے چیف آف اسٹاف جنرل محمد باقری نے ایک بیان جاری کرکے فخری زادے کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی استعمار اور صیہونیزم سے وابستہ دہشت گردوں نے وحشیانہ حملہ کرکے ملک کے ایک بڑے محقق اور سائنسداں کو قتل کردیا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وزارت دفاع کے تحقیقاتی شعبے کے سربراہ شہید ڈاکٹر محسن فخری زادہ نے پوری زندگی بھر ملک کی بہت زیادہ خدمت کی اور وہ ملک کی دفاعی توانائی کو ایک قابل قبول حد تک پہنچانے میں کامیاب رہے اور اتنے بڑے سائنسداں کا قتل ملک کی دفاعی توانائی پر گہری چوٹ ہے لیکن دشمن یہ جان لیں کہ شہید فخری زادہ نے جو راستہ بنایا ہے وہ جاری رہے گا اور یہ کاروائی کرنے والے دہشت گرد اور ان کے حامی اور احکامات صادر کرنے والے یہ جان لیں کہ سخت بدلہ لیا جائے گا۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی فورس کے کمانڈر جنرل سلامی نے بھی ٹوئٹ کیا کہ ایٹمی سائنسداں کا قتل، ہمیں پیشرفتہ سائنس تک پہنچنے سے روکنے کے لئے تسلط پسندوں کی جانب سے پر تشدد اور واضح تصادم کی ایک شکل ہے۔

 

رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر اور ایران کے سابق وزیر دفاع جنرل حسین دہقان نے کہا ہے کہ ہم شہید فخری زادے کے قاتلوں پر بجلی بن کر ٹوٹ پڑیں گے۔

انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ صیہونی، اپنے جواری دوست کے اقتدار کے آخری دنوں میں ایک جنگ شروع کرنے کے لئے ایران پر دباؤ بڑھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں لیکن رات ابھی لمبی ہے اور ہم جاگ رہے ہیں، اس شہید کے قاتلوں پر بجلی بن کر ٹوٹ پڑیں گے اور اور انہیں پشیمان ہونے پر مجبور کر دیں گے۔

 

در ایں اثنا اسلامی جمہوریہ ایران کی اٹیمی توانائی کے ادارے کے سابق سربراہ فریدون عباسی نے کہا ہے کہ شہید فخری زادے کو امریکا میں ڈیموکریٹوں کے اقتدار میں آنے سے پہلے شہید کیا گیا کیونکہ دشمن یہ چاہتے ہیں کہ ایران پر دبا‏ؤ ڈال کر اسے مذاکرات کے لئے تیار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گردانہ حملہ، مجھ پر اور شہید شہریاری پر حملے کے دس سال پورے ہونے کے موقع پر کیا گیا ہے اور آج سے 12 سال پہلے بھی شہید فخری پر حملے کے لئے دہشت گردوں کی ایک ٹیم بھیجی گئی تھی تاہم سیکورٹی اہلکاروں نے اسے ناکام بنا دیا تھا۔

فریدون عباسی نے بتایا کہ دشمن گزشتہ 15 سال سے شہید فخری کے قتل کی کوشش میں تھا۔

واضح رہے کہ اسرائیل کے وزیر اعظم نتن یاہو نے دو سال پہلے محسن فخری زادے کا نام لیا تھا جس کے بعد اسرائیلی میڈیا نے بتایا تھا کہ موساد نے بہت پہلے محسن فخری زادے کے قتل کی کوشش کی تھی تاہم وہ کوشش ناکام ہوگئی تھی۔

اسرائیل کی واللا ویب سائٹ نے بتایا تھا کہ موساد کے کچھ عہدیداروں نے بتایا ہے کہ محسن فخری زادے، ایران کے ان سائنس دانوں میں شامل ہیں جن کا نام اس کی ہٹ لسٹ میں ہے۔

 

ای میل کریں