شہید "محسن فخری زادہ" کی ٹارگٹ کلنگ کے تانے بانے اسرائیل کیساتھ ملتے ہیں، محمد جواد ظریف
اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے ایران کے ممتاز جوہری سائنسدان کی ٹارگٹ کلنگ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید محسن فخری زادہ کی ٹارگٹ کلنگ کی کارروائی میں غاصب صیہونی رژیم کا ہاتھ ہے۔ محمد جواد ظریف نے ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں لکھا ہے کہ دہشتگردوں نے ایک ممتاز ایرانی سائنسدان کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا ہے جبکہ اس بزدلانہ کارروائی میں اسرائیل کے ملوث ہونے کے واضح شواہد موجود ہیں، جو اس سنگین جرم کے ذمہ داروں کے جنگی جنون کو ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ایران عالمی برادری خصوصاً یورپی یونین سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ منافقت پر مبنی اپنے شرمناک دوہرے معیارات کو ترک کرتے ہوئے فوری طور پر اس دہشتگردانہ کارروائی کی مذمت کرے!! محمد جواد ظریف نے قبل ازیں بھی اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں ریسرچ اینڈ انوویشن انسٹیٹیوٹ کے سربراہ محسن فخری زادہ کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کی تھی۔
واضح رہے کہ ایرانی دارالحکومت تہران کے شمال میں واقع "آبسرد" نامی شہر میں ایرانی وزارت دفاع کے ذیلی ادارے ریسرچ اینڈ انوویشن انسٹیٹیوٹ کے سربراہ محسن فخری زادہ کو ایک ٹارگٹ کلنگ کی کارروائی میں شدید زخمی کر دیا گیا تھا جبکہ انہیں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔ محسن فخری زادہ امریکی مجلے فارن پالیسی کے مطابق اُن 5 ایرانی شخصیات میں سے ایک تھے، جنہیں دنیا کی موثر ترین شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں ان پر 24 مارچ 2007ء کے روز اقوام متحدہ کی جانب سے پابندیاں بھی عائد کی گئی تھیں جبکہ غاصب صیہونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اپنی ایک کمپین میں محسن فخری زادہ کا نام لے کر دعویٰ کیا تھا کہ وہ ایرانی جوہری ٹیکنالوجی کی پیشرفت کے ذمہ دار اور اسرائیلی جاسوس تنظیم "موساد" کی جانب سے انتہائی مطلوب ہیں۔
شہید محسن فخری زادہ کے قاتلوں پر بجلی کی طرح گر کر انہیں پشیمان کرینگے، جنرل حسین دہقان
رہبر معظم انقلاب اسلامی کے مشیر جنرل حسین دہقان نے کہا ہے کہ ہم ایران کے ممتاز ایٹمی سائنسدان شہید محسن فخری زادہ کے بہیمانہ اور بزدلانہ قتل میں ملوث دہشت گردوں پر بجلی کی طرح گر کر انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی کے مشیر جنرل حسین دہقان نے کہا ہے کہ ہم ایران کے ممتاز ایٹمی سائنسداں شہید محسن فخری زادہ کے بہیمانہ اور بزدلانہ قتل میں ملوث دہشت گردوں پر بجلی کی طرح گر کر انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔