رہبر انقلاب اسلامی

دشمن ایران کے خلاف سخت ترین پابندیاں لگا کر بھی ناکام رہا: رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ دشمن آج یہ اعتراف کرنے پر مجبور ہے کہ وہ سخت ترین پابندیوں اور بھرپور دباؤ کے باوجود ایران کے خلاف اپنے مقاصد کے حصول میں ناکام رہا ہے

دشمن ایران کے خلاف سخت ترین پابندیاں لگا کر بھی ناکام رہا: رہبر انقلاب اسلامی

 

ابنا۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اتوار کی صبح ایرانی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے ارکان سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ آپ نے  فرمایا کہ ایران کے عوام اسلامی نظام کے خلاف کی جانے والی ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ دشمن آج یہ اعتراف کرنے پر مجبور ہے کہ وہ سخت ترین پابندیوں اور بھرپور دباؤ کے باوجود ایران کے خلاف اپنے مقاصد کے حصول میں ناکام رہا ہے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ملک کے مضبوط "ڈھانچے اور مادی وسائل" اور "قوم کی روحانی اور معنوی توانائیوں" کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ ملک کی موجودہ مشکلات قابل حل ہیں۔

آپ نے فرمایا کہ یہ پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملکی مشکلات کے حل کے لیے ترجیحات کا تعین کرے اور ضمنی مسائل میں الجھنے سے گریز کرتے ہوئے، عوام کی مخلصانہ خدمت اور مشکلات کے حل میں موثر کردار ادا کرے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے موجودہ پارلیمنٹ کو اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد کے دور کی سب سے زیادہ طاقتور اور انقلابی پارلیمنٹ قرار دیا۔ آپ نے فرمایا کہ عوامی نمائندگی کا طویل تجربہ رکھنے والے بعض ارکان نیز، انتظامی تجربہ رکھنے والی متعدد انقلابی شخصیات کے ساتھ ساتھ پرجوش، باایمان، توانا، تعلیم یافتہ اور کارآمد نوجوان اراکین پارلیمان کی موجودگی نے نئی پارلیمنٹ کو بہترین اور پر امید پارلیمنٹ میں تبدیل کر دیا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے ملک کی اقتصادی مشکلات کو ایک بیماری کے مانند قرار دیا اور فرمایا کہ ملک کی بنیادوں اور دفاعی قوت کے استحکام کے سبب ایران میں اس بیماری پر قابو پانے کی توانائی پائی جاتی ہے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ملک کی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ ہزاروں نالج بیسڈ کمپنیوں کا وجود، سیکڑوں بنیادی منصوبے، نئے منصوبوں اور پروجکٹوں سے براہ راست استفادہ، فوجی صنعت میں حیرت انگیز پیشرفت اور خلائی صنعت میں قابل تحسین کامیابیاں ملک کے اندر موجود وسیع توانائیوں اور صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے نتائج ہیں۔

رہبر انقلاب نے فرمایا کہ ایرانی عوام نے ملک کی قومی اور جہادی قدرت و طاقت کے مظہر، شہید جنرل قاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کر کے ثابت کر دیا کہ وہ سامراج کے مقابلے میں استقامت اور مجاہدت پر یقین رکھتے ہیں۔

ای میل کریں