ماہ مبارک رمضان میں تلاوت قرآن

ماہ مبارک رمضان میں تلاوت قرآن

تلاوت قرآن کی فضیلت اور اس کے نتائج

ماہ مبارک رمضان میں تلاوت قرآن

ماہ رمضان میں قرآن کریم نازل ہوا ہے۔ بنابریں قرآن اور ماہ رمضان کے درمیان ایک خاص ربط پایا جاتا ہے۔ یعنی جس طرح بہار کے موسم میں عالم طبیعت اور انسان کےاندر خاص نشاط اور شادابی آتی ہے دوبارہ حیات ملتی ہے؛ اسی طرح ماہ رمضان بھی قرآن کی بہار کا مہینہ ہے۔ قرآن کے عاشقین اور دوستدار اس ماہ میں زیادہ سے زیادہ قرآن کریم سے قریب ہوتے ہیں اور قرآن کی تلاوت، اس کو حفظ کرنے اور اس کے معارف کو جان کر اپنے قلوب کو حیات نو عطا کرتے ہیں۔

حضرت علی (ع) فرماتے ہیں: کتاب الہی کو حفظ کرو کیونکہ قرآن دلوں کی بہار ہے۔ ہم قرآن کے ماننے والے ماہ مبارک رمضان میں قرآن کے مونس اور ہمدم ہونے کی خصوصیت پیدا کریں۔ کیونکہ قرآن انسان سازی کی مکمل کتاب ہے اور اس کمال و ترقی کے سارے رموز اور پروگرام موجود ہیں بس انسان کو غور کرنے کی ضرورت ہے اور اس سے مانوس ہونے کی ضرورت ہے۔ قرآن خداوند سبحان کا کلام ہے اور اس عمل کرنا دنیا و آخرت کی سعادت و کامیابی کا سبب ہے۔ جب ہم قرآن کی مفاہیم اور قوانین سے آشنا ہوجائیں گے تو اس کے نازل کرنے والے کی عظمت و شان کا خود بخود اندازہ ہوجائے گا۔ پھر ہم اس سے عشق و لگاؤ کے ساتھ فکری اور عملی رابطہ قائم کرلیں گے۔

 

تلاوت قرآن کی فضیلت اور اس کے نتائج

1/ جو لوگ خدا کی کتاب کی تلاوت کرتے، نماز قائم کرتے اور جو کچھ ہم نے انہیں رزق دیا ہے اس میں پوشیدہ اور آشکار طریقہ سے فقراء پر خرچ کرتے ہیں وہ ایسی تجارت کی امید رکھتے جسے کبھی نقصان اور زوال نہیں ہوگا۔ (فاطر: 29) کیا تم نے اب تک خدا سے معاملہ کیا ہے؟ ایسا معاملہ جس کا سرمایہ قرآن، نماز اور انفاق ہے۔

2/ قرآن پڑھنے سے ایمان میں جلا پیدا ہوتی ہے۔

3/ دلوں میں نورانیت اور جلا آتی ہے۔ قرآن پڑھنے سے زنگ آلود دلوں میں نورانیت اور جلا پیدا ہوتی ہے اور ہم اپنے زنگ آلود دلوں کو دھوکر صاف کرتے ہیں۔

4/ قرآن پڑھنا گناہوں کا کفار، آگ سے سپر اور عذاب الہی سے حفاظت کا ذریعہ ہے۔

5/ جو بھی قرآن پڑھنے کا عادی ہوتا ہے اسے برادران دینی اور احباب کی دوری سے گبھراہٹ اور وحشت نہیں ہوتی۔

6/ فقر دور ہوتا ہے؛ جو قرآن پڑھتا ہے ایسا مالدار اور توانگر ہے جو کبھی فقیر نہیں ہوتا ہے۔ قرآن کی تلاوت کرکے اپنے گھروں کو رحمت الہی اور ارزاق ربانی کا سرچشمہ ہوتا ہے۔

بہترین کلام اور ذکر قرآن ہے۔ قرآن تلاوت کرنے سے سینے گشادہ اور روشن ہوتا ہے۔ آئیے اور ماہ مبارک رمضان میں سکون حاصل کرنے کے لئے قرآن پڑھیں۔ خداوند عالم ہم سب کو قرآن تلاوت کرنے اور سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عنایت کرے۔ آمین۔

 

ای میل کریں