امریکی پابندیاں ہٹانے کیلئے ایران سمیت 8 ممالک کا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام مشترکہ خط
اسلام ٹائمز۔ ایران میں تیزی کے ساتھ پھیلتے کرونا وائرس سے مقابلے میں امریکی پابندیوں کے باعث پیش آنے والی رکاوٹوں کے حوالے سے ایران سمیت 8 ممالک نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام امریکی پابندیوں کو ہٹانے کے مطالبے پر مبنی خط تحریر کیا ہے۔ روسی خبررساں ایجنسی "ٹاس" کے مطابق روس، چین، کیوبا، نیکاراگوا، شمالی کوریا، وینزوئیلا اور ایران نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گیوٹرش کے نام ایک مشترکہ خط تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران پر عائد غیرقانونی امریکی پابندیوں، جو ایران میں تیزی کے ساتھ پھیلتے کرونا وائرس سے مقابلے میں رکاوٹ بن رہی ہیں، کو فوری طوری پر اٹھانے کے لئے اقدامات کریں۔
ایران، روس اور چین سمیت 8 ممالک کی طرف سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گیوٹرش کے نام تحریر کئے گئے خط میں اس بات پر تاکید کی گئی ہے کہ سیاسی ترجیحات کے نام پر انسانی جانوں کی حفاظت کے اقدامات میں رکاوٹ پیدا نہیں کی جانی چاہئے۔ اس خط میں لکھا گیا ہے کہ جیسا کہ آپ (انٹونیو گیوٹرش) بارہا تاکید کر چکے ہیں کہ یہ وقت جنگ و جدال کا نہیں بلکہ یکجہتی، آپسی تعاون اور عالمی صورتحال پر توجہ کا ہے، عالمی سطح پر کرونا وائرس کو شکست دینے کے لئے ضروری ہے کہ تمام ممالک، خطوں اور بین الاقوامی سطح پر، کسی بھی امتیازی سلوک سے بالاتر ہو کر، مشترکہ اقدامات اٹھائے جائیں۔
اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے نے اس حوالے سے ٹوئٹر پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام منتشر ہونے والے اپنے ایک پیغام میں بھی لکھا ہے کہ ہم آپ (انٹونیو گیوٹریش) سے محترمانہ مطالبہ کرتے ہیں کہ آپ یکطرفہ طور پر تھونپے گئے ظالمانہ اقدامات کے تدارک پر مبنی اقوام متحدہ کے آئین کے مطابق عملدرآمد کرتے ہوئے امریکی غیرقانونی، یکطرفہ اور دھونس دھاندلی پر مبنی اقتصادی دباؤ کا خاتمہ ممکن بنائیں اور اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک کی طرف سے کرونا وائرس سے مقابلے کے لئے موثر اقدامات کے اٹھائے جانے کے ساتھ ساتھ اس عالمی وباء سے مقابلے کو سیاسی نہ کئے جانے کا بھی مکمل اطمینان حاصل کریں۔
واضح رہے کہ قبل ازیں بھی ایران کی طرف سے متعدد بار یہ اعلان کیا جا چکا ہے کہ وہاں تیزی کے ساتھ پھیلتے کرونا وائرس سے مقابلے میں عائد غیرقانونی امریکی پابندیاں رکاوٹ بن رہی ہیں جبکہ اس کے جواب میں پاکستانی حکام، امریکی صدارتی امیدواروں، امریکی سینیٹرز اور انسانی حقوق کمیشن سمیت دنیا بھر کی سیاسی قیادت کی طرف سے ایران پر عائد امریکی پابندیوں کے فوری اٹھا لئے جانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کی طرف سے چند ہفتے قبل اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گیوٹرش سمیت اقوام متحدہ کے تمام اداروں کے سربراہوں کے نام ایک خط بھی تحریر کیا گیا تھا جس میں ایران کے اندر کرونا وائرس سے مقابلے میں رکاوٹ کی باعث بننے والی غیرقانونی امریکی پابندیوں کے فوری طور پر اٹھا لئے جانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔