امریکا کا شیطانی سینچری ڈیل منصوبہ کبھی پورا نہیں ہوگا، رہبر انقلاب اسلامی
ابنا۔ رہبرانقلاب اسلامی کے ٹوئٹرپیچ پر، سینیچری ڈیل کی رونمائی پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی کے گزشتہ سال کے خطاب کو دوبارہ نشر کیا گیا ہے جس میں آپ نے فرمایا تھا کہ مسئلہ فلسطین کو ذہنوں سے ختم نہیں کیا جاسکتا اور یقینا فلسطینی قوم اور تمام مسلم اقوام سینچری ڈیل کے مقابلے میں ڈٹ جائیں گی اور اسے ناکام بنا دیں گی۔
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سیدعلی خامنہ ای نے اپنے اس بیان میں فرمایا تھا کہ اللہ نے چاہا تو فلسطین کے بارے میں سینچری ڈیل کے نام سے امریکہ کا شیطانی اور خباثت آمیز منصوبہ کبھی کامیاب نہیں ہوگا اور جو لوگ بیت المقدس کو یہودیوں کے حوالے کرنے کی باتیں کر رہے ہیں انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔
دوسری جانب ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے اسلامی ملکوں کے پارلیمانی سربراہوں کے نام خط ارسال کیا ہے جس میں امریکی صدر کے پیش کردہ جعلی امن منصوبے کے مقابلے اور بحران فلسطین کے منصفانہ حل پر زور دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر علی لاریجانی کے ارسال کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ سینچری ڈیل تمام عالمی قوانین اور ضابطوں، تمام عالمی قرار دادوں، اقوام متحدہ کے منشور اور اسی طرح مسئلہ فلسطین کے حل سے متعلق عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم کی پیش کردہ تجاویز کے منافی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران سرزمین فلسطین کے تمام اصلی باشندوں کی مشارکت سے جمہوری اور سیاسی بنیادوں پر ایک ریفرنڈم کے انعقاد کو موجودہ بحران سے نکلنے اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کا ذریعہ سمجھتا ہے جو فلسطینی عوام کا بینادی اور قانونی حق ہے۔
ایران کے اسپیکر نے اپنے خط میں اسلامی ملکوں کے اسپیکروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سینچری ڈیل نامی اس جعلی امن منصوبے کے خلاف ٹھوس موقف اپنائیں اور اسے ناکام بنانے کے لیے لازمی کوشش انجام دینے کے ساتھ ساتھ سرزمین فلسطین میں ریفرنڈم کے انعقاد کی حمایت کرکے مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حمل کے لیے پوری سفارتی اور پارلیمانی توانائیاں بروئے کار لائیں۔
درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ سینچری ڈیل کے خلاف غزہ کے مختلف علاقوں میں مکمل ہڑتال ہے جبکہ غرب اردن اور مقبوضہ فلسطین کے دیگر علاقوں میں مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق فلسطین کی سرکاری اور نجی عمارتوں پر سیاہ پرچم لہرا رہے ہیں جو اس بات کا پیغام دے رہے ہیں کہ فلسطینی عوام صیہونی دشمن کو اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور سینچری ڈیل کو علمی جامہ پہنانے کا امریکی خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔
ادھر فلسطین کی اسلامی اور قومی تنظیموں کی مشترکہ کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں سینچری ڈیل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے مسئلہ فلسطین اور فلسطینیوں کے تشخص کو نابود کرنے کا امریکی منصوبہ قرار دیا ہے۔