فلسطینی نوجوانوں کے ساتھ محبت اور ہمدردی کا دن
جمہوری اسلامی ایران کے کلینڈر میں 9/ مہر مطابق 1/ اکتوبر فلسطینی نوجوانوں کے ساتھ محبت اور ہمدردی کا دن قرار دیا گیا ہے اور یہ ایرانی طالبعلموں کا مستکبرین عالم سے مظلوموں کے حق میں انصاف اور عدالت کی مانگ ہے اور ایرانی طالبعلموں اور فلسطین کے مجاہد نوجوانوں اور جوانوں کے درمیان اٹوٹ رابطہ اور ہمدردی کا اعلان ہے۔
اسلامی ایران کا مقصد صرف اور صرف غاصب اسرائیل کا مظلوم فلسطینی عوام کی سرزمین سے نکالنا ہے اور زبردستی قبضہ کی مذمت کرنا ہے۔ اور اپنے اس عمل سے دنیا کو یہ بتانا ہے کہ ہم دنیا کے ہر دبے کچلے اور مظلوم لوگوں کے ساتھ ہیں۔ یقینا مظلوم کسی سرزمین اور نسل و قوم سے تعلق رکھتا ہو مظلوم مظلوم ہے اور انسان دوست افراد کا انسانی فریضہ ہے کہ ان کی نجات اور حمایت میں قدم اور قلم اٹھائیں، صدائے احتجاج بلند کریں، دنیا کے خونخوار ظالموں اور مغرور حاکموں اور ظالمانہ نظاموں کے خلاف آواز بلند کریں اور مظلوموں کی حمایت کرکے اپنے انسانی اور الہی فرض کو ادا کریں۔
اسرائیل غاصب اور ظالم ہے۔ ہم اس کی مرتے دم تک مذمت کریں گے اور مظلوموں کا ساتھ دیتے رہیں گے۔ یہ جذبہ ہونا چاہیئے، دنیا کے مرده ضمیروں کو بیدار کریں اور انہیں انسانی حقوق اور فرائض سے آگاہ کریں، ان کو خواب غفلت اور دولت و اقتدار کے نشہ میں چور افراد کو اپنے کارناموں سے ایسا دندان شکن جواب دیں کہ پھر ظالم ظلم کرنے کی ہمت نہ کرے۔ یہی کام ایران اور ایران کے زندہ ضمیر لوگ کررہے ہیں۔ ایرانی کی عوام اور خواص کا یہ اقدام مظلوم فلسطینیوں کے زخمی کا مرحم، ان کے آنسو کا رومال، ان کے غموں کا مداوا اور مشکلات اور پریشانی کا علاج ہے۔ ان کی حوصلہ افزائی اور وطن دوستی کی قدردانی ہے۔ یہاں پر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی پاسداری کا نعرہ لگانے والے کیوں خاموش ہیں، اسرائیل کے خلاف نہ زبان بولتی ہے، نہ کوئی قلم چلتا ہے اور نہ ہی کوئی اقدام ہوتا ہے۔
یہ غاصب حکومت فلسطین کے بوڑھے، جوان، بچے مرد اور عورت کو قتل کرکے، شکنجہ دے کر سمجھتے ہیں کہ ہم انہیں کچل دیں گے لیکن ایسا ہر گز نہیں ہوگا۔ اس کا نتیجہ یہ نکل رہا ہے کہ غاصب اسرائیل اپنے ان سیاہ کارنامہ اور ناپاک ارادہ میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔ بلکہ دنیا سمجھ رہی ہے کہ یہ لوگ منطقی اور عقلی دلیلوں نیز بین الاقوامی قوانین کا پاس و لحاظ نہیں کرتے اور اپنی من مانی کرکے انہیں اپنے ظلم کا نشانہ بنارہے ہیں۔ وہ دن قریب ہے جب فلسطین اور دنیا کے مظلوموں کو حکمرانی اور کامیابی ملے گی اور یہ ساری باطل طاقتیں نیست و نابود ہوجائیں اور دنیا میں ذلیل اور رسوا ہو کر منہ کی کھائیں گی۔