مسئلہ فلسطین میں دنیائے اسلام اور فلسطینی عوام کو فتح نصیب ہوگی
رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فلسطینی تنظیم حماس کے سیاسی شعبہ کے نائب سربراہ اور اس کے ہمراہ وفد سے ملاقات میں فرمایا: مسئلہ فلسطین میں دنیائے اسلام اور فلسطینی عوام کو فتح نصیب ہوگی۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فلسطینی تنظیم حماس کے سیاسی شعبہ کے نائب سربراہ صالح العاروری اور اس کے ہمراہ وفد سے ملاقات میں فرمایا: مسئلہ فلسطین میں دنیائے اسلام اور فلسطینی عوام کو فتح نصیب ہوگی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے مسئلہ فلسطین کو عالم اسلام کا سب سے پہلا اور اہم مسئلہ قراردیتے ہوئے فرمایا: فلسطینی عوام استقامت اور پائداری کے ساتھ اپنے اہداف تک پہنچنے میں کامیاب ہوجائیں گے اور کامیابی کے لئے استقامت اور پائداری بہت ضروری ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے غزہ اور مغربی پٹی میں فلسطینیوں کی استقامت پر انھیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے فرمایا: اللہ تعالی نے ثابت قدم رہنے والوں کی حمایت اور نصرت کا وعدہ کیا ہے۔ فلسطینیوں کو اللہ تعالی کی مدد اور نصرت حاصل ہے ایران نے بھی فلسطین کے بارے میں ہمیشہ اپنے مؤقف کو صاف اور شفاف طور پر بیان کیا ہےبعض ہمارے دوست ممالک ہیں جو فلسطین کے بارے میں ہم سے متفق نہیں ہیں لیکن وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ ایران مسئلہ فلسطین کے بارے میں کافی سنجیدہ ہے اور ایران فلسطینی عوام کی حمایت اور نصرت کو اپنی شرعی ، دینی ، اخلاقی اور انسانی ذمہ د اری سمجھتا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: ایران کے ساتھ امریکہ کی دشمنی اور عداوت کی اصلی وجہ مسئلہ فلسطین ہے کیونکہ ایران کا مسئلہ فلسطین کے بارے میں مؤقف واضح ہے اور ایران فلسطین کے بارے میں ہر قسم کا دباؤ اور عداوت برداشت کرنےکے لئے آمادہ ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: اگر عالم اسلام مسئلہ فلسطین کے بارے میں باہمی اتحاد اور استقامت کا مظاہرہ کرتا تو آج فلسطین عوام کے شرائط بہتر ہوتے لیکن سعودی عرب اور اس جیسے دیگر ممالک امریکہ کے حامی ، پیروکار اور طرفدار بن گئے اور ان کی حماقت کی وجہ سے فلسطینیوں کو بہت بڑا نقصان پہنچا اور انھوں نے فلسطینیوں کو امریکہ سے امتیاز حاصل کرنے سے محروم کردیا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فلسطینی عوام کی فتح کی طرف اشارہ کرتے ہوئےفرمایا: ایک دور میں فلسطینی پتھروں سے اپنا دفاع کرتے تھے اور آج وہی فلسطینی پیشرفتہ میزائلوں سے اپنا دفاع کررہے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ فلسطینی کی نہائی فتح نزدیک ہے اورآوارہ وطن فلسطینی ایک بار پھر اپنے وطن میں آباد ہوں گے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے صدی معاملے کو مسئلہ فلسطین کے بارے میں آشکارا سازش قراردیتے ہوئے فرمایا: فلسطینی عوام فلسطینی سرزمین اور بیت المقدس کو فروخت کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے
اس ملاقات کے آغاز میں حماس کے سیاسی شعبہ کے نائب سربراہ صالح العاروری نے فلسطین کے سابق وزير اعظم اور سیاسی شعبہ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کا خط رہبر معظم انقلاب اسلامی کی خدمت میں پیش کیا۔ صالح العاروری نے رہبر معظم انقلاب اسلامی ، ایرانی عوام اور حکومت کی طرف سے فلسطینیوں کی بے دریغ حمایت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایران کا فلسطینیوں کی بے لوث حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔