ایران کے خلاف امریکی پابندیاں اقتصادی دہشت گردی ہے، صدر حسن روحانی
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکہ کے اقدامات سو فیصد دہشت گردانہ ہیں اس لئے کہ وہ دیگر ملکوں کو قرارداد بائیس اکتیس پر عمل درآمدع اور آزادانہ تجارت کرنے سے روک رہا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے انقرہ میں ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قرارداد بائیس اکتّیس کے تحت دنیا کے تمام ملکوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایٹمی معاہدے کی حمایت کریں اور ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے ماحول سازگار بنائیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ ساتھ صرف چند ممالک ایسے ہیں کہ جنھوں نے ایرانی عوام کے حق کو نظرانداز کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد اور بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی۔
صدر ایران نے کہا کہ دنیا میں اکڑ دکھانے اور داداگیری کا دور اب ختم ہو چکا ہے اور تمام قومیں اپنے مشترکہ مفادات کی بنیاد پر ہی فیصلے کرتی ہیں۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران کے خلاف امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں کے بارے میں ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان اور ان کی حکومت کے کھلے اور دو ٹوک مواقف کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف امریکہ کی یکطرفہ پسندی اور غیر قانونی پابندیوں کے بارے میں ٹھوس مواقف قانون و اخلاق پر دونوں ملکوں کے کاربند رہنے کے مترادف ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایران اور ترکی کا خیال ہے کہ شام کا مسئلہ اس ملک کے عوام کے ہاتھوں ہی حل اور اس ملک کی ارضی سالمیت کا تحفظ ہونا چاہئے۔ دونوں ملکوں کے درمیان یہ بھی طے پایا ہے کہ شام کے سلسلے میں روس، ایران، اور ترکی کا آئندہ اجلاس روس میں منعقد ہو گا۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے یمن کے مسائل کی طرف بھی اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور ترکی سمجھتے ہیں کہ بحران یمن یمنی فریقوں کے ذریعے ہی حل ہو سکتا ہے اور ایران اور ترکی یمنی عوام کو انسان دوستانہ امداد فراہم کرنے کی کوشش کرتے رہیں گے۔
ایران کے وزرائے خارجہ، تیل، صنعت و تجارت، خزانہ اور توانائی علاوہ ایوان صنعت و تجارت کے ایک وفد نے بھی صدر ایران کے ساتھ ترکی کا دورہ کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے دورہ انقرہ میں دونوں ملکوں نے تعلقات و تعاون کے فروغ کی دو دستاویزات پر دستخط کئے ہیں۔
ان دستاویزات پر ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے اعلی حکام کی جانب سے دستخط کئے گئے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر حسن روحانی اپنے ترک ہم منصب رجب طیب اردوغان کی دعوت پر بدھ کی رات تہران سے انقرہ پہنچے تھے۔