عالم اسلام کو آج پہلے سے کہیں زیادہ امام خمینی(رح) کے افکار پر عمل کرنے کی ضرورت ہے: پرنسیپل سید شبیر حسین جعفری
امام خمینی پرتال: اپنے مختصر تعارف کے ساتھ بتائیں کے آپ نے امام خمینی(رح) کو کب اور کیسے پہچانا؟
میں سید شبیر حسین جفری ہندوستان کی ریاست جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ سے تعلق رکھتا ہوں میں نے مسلم علیگڑھ یونیورسٹی سے اپنی تعلیم حاصل کی ہے اور اس وقت گورنمنٹ ڈگری کالج مہنڈر ضلع پونچھ میں پرنسیپل کی حیثیت سے خدمت کر رہا ہوں جب ہم سن شعور کو بھی نہیں پہنچے تھے مگر بچپنے سے ہی امام خمینی(رح) کے بارے میں سنتے آے ہیں خصوصا جب امام (رہ) نے ایران میں اسلامی حکومت قائم کرنے کی تحریک شروع کی تو پوری دنیا کے ذرائع ابلاغ امام (رہ) کے بارے میں لکھ اور بول رہے تھے اس کے بعد اپنے والد محترم اور اپنے بڑے بھائی مرحوم مولانا سید منیر حسین رہ سے اور خاص کرمولانا سید ذوالفقار حسین جفری صاحب سے امام خمینی(رہ) کی شخصیت کے بارے میں بہت سنا ہے میں یہاں یہ بتا دوں کہ مولانا منیر حسین نے نہ صرف ضلع پونچھ بلکہ ریاست میں امام خمینی (رح) کی شخصیت کو پہچنوایا ہے ان کا شمار ایسے علماء کرام میں ہو تا ہے جن کا نہ صرف مسلمانوں کے تمام فرقے بلکہ غیر مسلم طبقوں میں بھی بہت زیادہ احترام کیا جاتا تھا انہوں نے ضلع پونچھ میں مذہب تشیع کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
امام خمینی پرتال: امام خمینی(رح) کی شخصیت کے بارے میں آپ کا کیا نظریہ ہے؟
امام خمینی(رح) ایک منفرد شخصیت کے مالک تھے اور مسلمانوں کو صحیح راستہ دکھانے کے لئے خداوند کی طرف سے ایک انمول تحفہ تھے اس عظیم الشان شخص نے مسلمانوں کو ایک پہچان دی ورنہ آپ امام خمینی (رح) سے پہلے والے مسلمانوں کا حال دیکھیں اور ان کے بعد جو مسلمان ہیں ان کے حالات بھی ملاحظہ کریں، امام خمینی(رح) سے پہلے لوگ مسلمان تھے لیکن کیا اس دور میں حقیقی اسلام پر عمل کیا گیا ہے۔ امام خمینی(رح) نے اسلام کو مسجدوں سے نکال کر لوگوں کی زندگی میں لے آے۔ اور امام خمینی (رح) ہی تھے جنہوں نے مسلمانوں کو اسلام کی تبلیغ کرنے کی جرات اور طاقت بخشی اور آج اس دور میں مسلمان اپنے مسلمان ہونے پر فخر محسوس کر رہے ہیں ورنہ آپ کے دور سے پہلے لوگ اپنے آپ کو مسلمان بتانے سے ڈرتے تھے اور آج وہی لوگ اسلام کو اپنی طاقت سمجھ رہے ہیں یہ امام خمینی (رح) کی کوششوں کا نتیجہ ہے کے آج ہم نے حقیقی اور اسلام ناب محمدی کو پہچانا ہے جس کی وجہ سے ہم حقیقی اسلام اور امریکی اسلام میں فرق محسوس کر سکتے ہیں۔
امام خمینی پرتال:امام خمینی(رح) کی سیاسی بصیرت کے بارے میں آپ کا کیا نظریہ ہے؟
امام خمینی (رح) کی سیاسی بصیرت کے بارے میں کچھ بھی کہنا مشکل ہے لیکن یہ آپ کی سیاسی بصیرت کا نتیجہ تھا جو آپ نے اسلامی انقلاب لایا جس کی وجہ سے آج پوری دنیا کے مظلوم آپ کو اپنا راہنما مانتے ہیں اس کے علاوہ آپ کی شخصیت کے بارے میں بہت سی کتابوں میں پڑھا ہے آپ نے زندگی کے ہر گوشہ کے حوالے سے کام کیا ہے،میں یہاں پر عراق کی طرف سے اسلامی جمہوری ایران پر ہونے والے حملہ میں اسلامی جمہوریہ کی جیت پر یہی کہوں گا کہ یہ جیت بھی امام خمینی(رہ) کے سیاسی افکار کا نتیجہ ہے امام (رہ) نے اپنی سیاسی بصیرت سے اس جنگ کا رخ بدل دیا آپ نے ہمیشہ جنگ میں لڑنے والوں جوانوں کی نہ صرف حوصلہ افزائی کی بلکہ شہداء کی عظمت اور مقام کو بھی نوجوانوں کے سامنے واضح کیا میں نے پڑھا ہے کہ امام خمینی(رہ) شہداء کے مقام اور منزلت کے بارے میں فرماتے ہیں ان کا مقام اتنا بلند ہے جس پر ہمیں رشک ہوتا ہے امام خمینی (رح) نے مسلمانوں کو ان کی طاقت کا احساس دلانے کے ساتھ ساتھ اسے صحیح استعمال کرنا بھی سکھایا اور آج اسلام، ایران کے اسلامی انقلاب کی وجہ سے امام خمینی (رح) کی قیادت میں پوری دنیا میں پھیل چکا ہے۔ امام خمینی (رح) نے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے زمانے کی یاد دلا دی تھی ایک چھوٹے سے گھر میں زندگی بسر کر کے عالمی سطح پر مسلمانوں کی قیادت کر رہے تھے۔
امام خمینی پرتال: کیا لوگ امام خمینی (رح) کی شخصیت سے اسلامی انقلاب کی وجہ سے متاثر ہیں؟
امام خمینی (رح) سے پہلے مسلمان گروہوں اور پارٹیوں میں تقسیم ہو چکے تھے لیکن امام خمینی (رح) نے مسلمانوں کو یہ بتایا کے اسلام پارٹیوں یا گروہوں تک محدود نہیں ہے اس پیغام کے ساتھ امام (رہ) نے مسلمانوں کی محدود پارٹیوں کو بین الاقوامی پارٹیوں میں تبدیل کر دیا امام خمینی (رح) نے اسلامی انقلاب کے بغیر بھی اپنے کردار، افکار اور اپنی گفتار سے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائی ہوئی ہے۔ اور اسلامی انقلاب بھی ان اسباب میں سے ایک ہے۔
امام خمینی پرتال: امام خمینی (رح) نے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یومِ قدس کا نام کیوں دیا؟
اسلامی جمہوریہ ایران نے اسلامی انقلاب کے بعد تمام اسلامی ممالک سے زیادہ فلسطین کی حمایت کی ہے جو کام عرب ممالک کو کرنا چاہیے تھا وہ کام اسلامی جمہوریہ ایران نے کیا یوم قدس بھی فلسطین کی حمایت میں ہے جس کا مقصد پوری دنیا کو فلسطین کی مظلومیت کی طرف متوجہ کرنا ہے آج ہم دیکھ رہے ہیں کے اسلام کے دشمن امریکہ اور اسرائیل کس طرح اسلامی مقدسات کو ختم کرنے میں لگے ہوے ہیں قدس میں امریکہ کا اپنی سفارت منتقل کرنے کا مقصد صرف امت مسلمہ کے مقدسات کو ختم کرنا ہے لیکن انشاء اللہ اس کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ اس سال بھی ہم روز قدس نماز جمعہ کے بعد یہ ثابت کریں گے کے قدس صرف ہمارا ہے۔
امام خمینی پرتال:امام خمینی(رح) کے بارے میں ایک جملہ کہیں؟
امام خمینی(رح) دنیا عظیم سیاسی راہنما تھے جنہوں نے ہمیشہ مظلوموں کا دفاع کیا ہے۔