حزب اللہ: دنیا کے مسلمانوں کا اس بات پر اتفاق ہےکہ بیت المقدس، فلسطین کا ابدی دارالحکومت ہے اور اسرائیلی حکومت جعلی اور غاصب ہے۔
اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے اپنے خطاب میں فرات کے مشرق میں شام کے تیل اور گیس کے کنووں پر امریکہ کے تسلط اور قبضہ کی کوششوں کیطرف اشارہ کرتے ہوئے کہا:
امریکہ کی نظریں شام کے تیل اور گیس کے کنوں پر لگی ہوئی ہیں؛ شام نے اسرائیل کے حملہ آور ایف ۱۶ طیارے کو سرنگوں کرکے مسلمانوں کے دل کو شاد کیا ہے۔
لبنانی المنار ٹی وی کے مطابق، حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے اسلامی مزاحمت کے شہدا کی یاد میں منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ 33 روزہ جنگ کے بعد لبنان مزید قوی اور مضبوط ہو گیا ہے اور اسرائیل کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کےلئے آمادہ ہے۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا: بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کے امریکی صدر کے فیصلے نے فلسطینیوں کو متحدہ کردیا اور تمام فلسطینیوں اور دنیا کے مسلمانوں کا اس بات پر اتفاق ہےکہ بیت المقدس، فلسطین کا ابدی دارالحکومت ہے اور اسرائیلی حکومت جعلی اور غاصب ہے اور امریکہ اپنے ظالمانہ فیصلوں کی بنا پر آج دنیا میں تنہا ہو گیا ہے۔
نصر اللہ نے کہا: ایران کی لبنان کے امور میں کوئی مداخلت نہیں بلکہ ایران لبنانی قوم اور حکومت کا سچا حامی اور طرفدار ہے اور وہ لبنانی عوام کے باہمی اتحاد، سربلندی اور سرافرازی کا خواہاں ہے۔
سید نصر اللہ نے بحرینی حکومت کیطرف سے اپنی شہریوں کی شہریت سلب کرنے اور غیر ملکی شہریوں کو شہریت دینے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بحرینی حکومت طاقت کے زور پر عوام کے مطالبات کو دبا رہی ہے اور ممکن ہےکہ بحرینی حکومت اسرائیل، امریکہ اور سعودی حکام کے تعاون سے کچھ عرصہ تک کامیاب رہے لیکن حقیقی کامیابی بحرینی عوام کو نصیب ہوگی اور بحرینی بادشاہ کا نام بھی تاریخ کے ظالم و جابر بادشاہوں کی فہرست میں شامل ہوجائےگا۔
انھوں نے یمن کے مظلوم عربوں پر سعودی حکام کے مجرمانہ ہوائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یمن کے معاملے پر انسانی اور عالمی اداروں کی خاموشی اس بات کا مظہر ہےکہ یہ عالمی ادارے سامراجی طاقتوں کے زیر اثر ہیں۔