صدر روحانی کا ٹرمپ کی ہرزہ گوئی پر جواب

صدر روحانی کا ٹرمپ کی ہرزہ گوئی پر جواب

ایران کےخلاف سازشوں میں امریکہ مزید تنہائی کا شکار ہوا ہے اور خطے کی تمام جنگوں کی ذمہ دار، امریکہ ہی ہے۔

صدر روحانی: ایران کےخلاف سازشوں میں امریکہ مزید تنہائی کا شکار ہوا ہے اور خطے کی تمام جنگوں کی ذمہ دار، امریکہ ہی ہے۔

ایران کے صدر حسن روحانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ ہرزہ سرائیوں اور ایران مخالف بے بنیاد الزامات کے جواب میں کہا ہےکہ ایرانی قوم کے خلاف سازشوں میں امریکہ ماضی سے زیادہ تنہائی کا شکار ہوا ہے جبکہ امریکی صدر اس بات کو بھول گئے کہ خطے کی تمام جنگوں کی ذمہ دار، امریکہ ہی ہے۔

یہ بات ڈاکٹر شیخ حسن روحانی نے گزشتہ رات، امریکی صدر کی توہین آمیز تقریر اور ایران مخالف بے بنیاد الزامات کے جواب میں قومی ٹیلی ویژن سے براہ راست خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر انہوں نے ایرانی قوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا: ٹرمپ کی تقریر توہین آمیز باتوں اور بے بنیاد الزامات کے سوا کچھ نہیں۔ گزشتہ 40 سالوں سے امریکہ ایران اور ہماری قوم کے خلاف سازش کرتا آ رہا ہے۔ اسلامی انقلاب کی فتح سے لےکر اب تک، امریکہ نے ایرانی نظام کے خلاف متعدد سازشیں کیں۔

صدر روحانی نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے خلاف ٹرمپ کی ہرزہ سرائیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، ایران کا عظیم اور طاقتور ادارہ ہے جس کا مقصد ملکی دفاع کو یقینی بنانے کے علاوہ خطے کی مظلوم اقوام کی دہشت گردوں اور سامراج قوتوں کی سازشوں کے خلاف مدد کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، ایرانی قوم کے علاوہ عراقی، شامی اور یمنی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان تمام دہشت گردوں کے خلاف جن کی تخلیف میں امریکہ ملوث ہے، مقابلہ جاری رکھےگی۔

ایرانی صدر نے یہ بھی کہا کہ میزائل پروگرام کا مقصد ملک کا دفاع کرنا ہے اور ایران نے ہمیشہ اپنی دفاعی ضروریات کو پورا کرنے کےلئے کوشش کی ہے اور اس جدوجہد کو مزید فروغ دیں گے اور اس راہ میں کسی سے اجازت نہیں لیں گے کیونکہ ہمارے ہتھیاروں کا مقصد اپنے دفاع کرنا ہے لہذا ہم اپنی دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ کرتے رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا: وطن عزیز ایران میں سیاست سے دین الگ نہیں اور دین و ولایت کو آپس میں ملانے کےلئے اسلامی ایران کی قیادت ایک اہم مقام ہے لہذا ایرانی عوام شریعت اور قانون کے مطابق اپنے رہنما اور قائد کا احترام کرتے اور قائد کی ہدایات پر عمل کرتے رہیں گے۔

ڈاکٹر روحانی نے امریکی حکام کو تجویز دی ہےکہ وہ ایرانی قوم کے خلاف سازشوں سے باز آئیں، ایرانی عوام امریکی عوام کا احترام کرتے ہیں مگر ہمیں جارحیت اور دشمنی پر مبنی امریکی پالیسی منظور نہیں لہذا امریکیوں کو چاہئے کہ آزاد اور خودمختار قوموں کا احترام سکھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سازشی قوتوں کا اصل مقصد ایران کو ترقی اور معاشی خوشحالی سے دور رکھنا ہے اور دوسری طرف امریکہ، عالمی برادری کو ایران اور جوہری معاہدے کے خلاف اکسانا چاہتا ہے تاہم امریکی سیاستدانوں کی منحوس پالیسیوں کے باوجود ایرانی قوم معاشی ترقی کےلئے جدوجہد کرےگی اور ہم ملک میں مزاحمتی اقتصاد پالیسی کے نفاذ کےلئے قائد انقلاب اسلامی کی ہدایات کے مطابق عمل کرتے رہیں گے؛ انشاءاللہ

ای میل کریں