آئی ایس او کے کارکنان امام خمینی(رہ) کی انقلابی و آفاقی فکر پر گامزن ہیں۔
ابنا رپورٹ کے مطابق، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر علی مہدی نے روح اللہ موسوی الخمینی کی 27ویں برسی کے موقع پر لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا:
امام راحل کی فکر آفاقی فکر تھی۔ اسی لئے دنیا بھر کے مستضعفین، مظلومین اور حریت پسند، امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی فکر پر عمل پیرا ہیں۔
امام خمینی نے اسلام کے حقیقی چہرہ کو دنیا میں نمایاں کیا جبکہ انقلاب اسلامی سے قبل اسلام کو ایک مخصوص فکر تک محدود کیا گیا تھا۔ امام نے لوگوں تک حقیقی اسلام ناب محمدی[ص] کے پیغام کو پہنچایا اور دنیا بھر کے مذاہب کو بھی فکر دی کہ آفاقی اور حقیقی اسلام کی تعلیمات کو اپنائیں۔
علی مہدی نے مزید کہا: آیت اللہ خمینی کی نہضت، نہضت انبیاء اور نہضت ائمہ کرام[ع] کا تسلسل ہے۔ امام نے دنیا بھر کے مستضعفین و مظلومین کو استعمار دشمنی سے آگاہ کیا۔ اس لئے امام کی فکر، ہم سے استعمار دشمنی کو جاری رکھنے کا تقاضا کرتی ہے۔
علی مہدی کا کہنا تھا کہ فکر امام خمینی دنیا بھر کے مستضعفین و حریت پسندوں کی امیدوں کا محور ہے۔ امام خمینی نے جو انقلاب برپا کیا صرف ایک خطہ تک محدود نہیں بلکہ دنیا بھر میں مظلومین و مستضعفین کی امید کا مرکز ہے۔
امام خمینی نے 1963 اور بعد میں ہونے والی سازشوں اور مشکلات کے باوجود اپنی حجت کو تمام کرکے یہ ثابت کیا کہ کسی بھی دور کا حسینی وقت کے یزید کے سامنے سر نہیں جھکا سکتا۔ اسی فکر پر عمل پیرا ہوتے ہوئے یمن، فلسطین، عراق، شام، لبنان اور دنیا بھر کے دیگر مستضعفین و مظلومین نے استعمار و استکباری طاقتوں کے خلاف قیام کیا اور اسلام کے حقیقی، واضح اور روشن چہرہ کو نمایاں کیا۔
پاکستان میں بھی آئی ایس او کو یہ اعزاز حاصل ہےکہ انقلاب اسلامی کے بعد نوجوان طبقہ میں امام خمینی کی انقلابی سوچ سب سے پہلے ترویج دی اور لوگوں کو حقیقی اسلام، استعمار دشمنی سے متعارف کروایا۔ آئی ایس او کے کارکنان آج بھی امام خمینی کی انقلابی و آفاقی فکر پر گامزن ہیں۔
علی مہدی نے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا: پاکستان اور عالم اسلام کی مشکلات کا حل، امام خمینی کی فکر کی ترویج و تحفظ ہے۔