عراق میں بسیج کی تشکیل، امام خمینی کے تفکر کا نتیجہ

عراق میں بسیج کی تشکیل، امام خمینی کے تفکر کا نتیجہ

امام خمینی کی شخصیت سے متعلق "امام خمینی اور مراجع تقلید، عظیم تحریک اور رضاکار فورس" کے عنوان سے چھٹے سالانہ کانفرنس کا انعقاد، نجف اشرف میں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام خمینی کی شخصیت سے متعلق "امام خمینی اور مراجع تقلید، عظیم تحریک اور رضاکار فورس" کے عنوان سے چھٹے سالانہ کانفرنس، نجف اشرف میں واقع، امام بارگاہ امام حسن مجتبی علیہ السلام میں منعقد ہوا۔

اس کانفرنس میں حوزہ علمیہ نجف اشرف کے ممتاز اساتذہ، طلاب علوم دینی، مراجع عظام کے نمائندوں، عراقی رضاکار فورس کے کمانڈرز، عراقی وزارت ثقافت کے نمائندے، بغداد میں ایرانی سفارتی نمائندے اور نجف اشرف میں واقع ایرانی قونصل خانے کے نمائندوں سمیت بہت سے افراد نے شرکت کی۔

کانفرنس کے ایگزیکٹو سیکرٹری نے اس کانفرنس کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے عراق میں عوامی رضاکار فورس کی تشکیل کو امام خمینی کے فکری تسلسل کا نتیجہ قرار دیا اور کہا: امام خمینی کے افکار کا نظام، سامراجی منصوبوں کی نابودی، امت مسلمہ میں اتحاد اور یکجہتی، عالمی استکبار کے خلاف مزاحمت کار تحریکوں کے قیام، جیسے اصولوں پر قائم تھا۔  

الہدی ریجنل اسٹڈیز سینٹر کے سربراہ نے کہا: امام خمینی جیسی عظیم شخصیت کے وجود سے حوزہ علمیہ قم اور نجف اشرف میں بہت بڑی تبدیلی واقع ہوئی جس نے انقلابی جذبے کے تحت امت مسلمہ کے مفادات کے تحفظ کےلئے اسلامی حکومت کی بنیاد ڈالی۔

اس کانفرنس کے ایک اور خطیب آیت‌الله سید علی‌اکبر حائری نے کہا: مراجع عظام اور مذہبی علماء عوام کے دلوں پر اثر انداز ہوتے ہوئے لوگوں کو جابروں کے خلاف قیام اور جہاد پر آمادہ کرتے ہیں، یہ ایک ایسا کام ہے جس کی باگ دوڑ کل تک امام خمینی کے ہاتھ میں تھی اور آج اس کا اختیار مراجع عظام کے ہاتھوں میں ہے۔

آیت‌الله حائری نے کہا: پوری تاریخ میں ہمیں امام خمینی اور دیگر مراجع عظام کی کامیابی کے راز کو ان کی تین اہم خصوصیات یعنی خالص نیت، اتحاد کی دعوت اور ایثار و فداکاری کے جذبے میں تلاش کرنا چاہئے۔

 

ماخذ: مہر خبررساں ایجنسی

ای میل کریں