اگر آپ کا اسلام اور قرآن کے سلسلہ میں مطالعہ ہے، انشاء اﷲ ہے، تو آپ کو معلوم ہوگا کہ اسلام میں صرف عبادت نہیں صرف عبادت سے متعلق تعلیم وتعلّم نہیں۔ اسلام سیاست ہے اور اسلام سیاست سے جدا نہیں ہے، اسلام ایک عظیم حکومت ومملکت کو وجود میں لایا ہے، اسلام ایک سیاسی نظام ہے، دوسری حکومتیں بہت سے امور سے غافل تھیں، اسلام کسی چیز سے غافل نہیں، اسلام انسان کی ہر پہلو سے تربیت کرتا ہے، انسان میں مادی اور معنوی پہلو پائے جاتے ہیں۔
اسلام نے دونوں کے سلسلہ میں گفتگو کی اگر اس کے علاوہ کچھ اور پایا جاتا ہے تو اس کے سلسلہ میں بھی گفتگو کی، اسلام میں ماں باپ کے نکاح سے پہلے انسان سازی کے احکام پائے جاتے ہیں کہ مرد کو کس طرح کی عورت کا انتخاب کرنا چاہیے نیز عورت کو کس طرح کا مرد منتخب کرنا چاہیے، اس کا اخلاق کس طرح ہونا چاہیے، دین وایمان کس طرح ہونا چاہیے، ایک کسان جب کاشت کرے اور بیج بوئے تو اسے چاہیے کہ زمین کا جائزہ لے جو چیزیں اس کی نشو ونما کا موجب ہیں انہیں دیکھا جائے کہ کون سی چیز اس کیلئے فائدہ مند اور کونسی نقصان دہ ہے۔ جو نقصان دہ ہے اس سے گریز کرے اس طرح دیکھ بھال کرتا رہے یہاں تک کہ وہ نشو ونما پائے۔
(صحیفہ امام،ج ۶، ص ۲۰۰)