ابنا کے مطابق: تھائلینڈ میں امام خمینی(رہ) کی چھبیسویں برسی کے موقع پر منعقدہ کانفرنس میں اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سکریٹری جنرل نے خطاب کرتے ہوئے امام خمینی کی عارفانہ اور زاہدانہ زندگی پر روشنی ڈالی اور انہیں عظیم سیاستدان، مدیر، مدبر، متواضع اور دین شناس عالم کہا۔
حجۃ الاسلام و المسلمین محمد حسن اختری نے اس کانفرنس جو ’’امام خمینی، اسلامی بیداری اور وحدت کے معنوی باپ‘‘ کے عنوان سے تھائلینڈ میں منعقد ہوئی سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا:
دینی رہنماوں کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ دنیا کے طالب نہیں ہوتے اور ان کی زندگی کا مقصد صرف انسانوں کی ہدایت کرنا ہوتا ہے۔
انہوں نے امام خمینی(رہ) کی نگاہ میں اتحاد بین المسلمین کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی(رہ) نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے شروع میں ہی وحدت کا نعرہ لگایا اور شیعہ سنیوں کو آپس میں بھائی قرار دیا اور اس بات پر تاکید کی کہ جو شخص کسی بھی عنوان سے مسلمانوں کی صفوں میں رخنہ اندازی کرنے کی کوشش کرے گا وہ مسلمان نہیں ہے۔
آقائے اختری نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی، امام خمینی کے راستے کو تقویت دینے والے ہیں اور ہمیشہ سے اسلامی اتحاد اور باہمی اتفاق کے داعی رہے ہیں۔
انہوں نے اسلامی ممالک کے اندر سرگرم عمل دھشتگردوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دھشتگرد آج اسلام کے نام پر خباثت پھیلا رہے ہیں عورتوں مردوں اور بچوں کا قتل عام کر رہے ہیں یمن، بحرین اور دیگر اسلامی ممالک میں مسلمانوں پر بمباری کر رہے ہیں ہم ان دھشتگردوں کو مسلمان نہیں کہہ سکتے۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سکریٹری جنرل نے اس بات کو بیان کرتے ہوئے کہ امام خمینی(رہ) نے دنیا کے لوگوں کو بیدار کیا کہا: امام نے مستضعفین کو استکبار کے مقابلے میں اٹھنے کی دعوت دی اس طریقے سے کہ ایشیا، افریقہ، یورپ اور حتی خود امریکہ میں بھی لوگوں نے ظلم کے مقابلے میں آواز اٹھائی۔
حجۃ الاسلام و المسلمین اختری نے اپنی گفتگو کے آخر میں ماہ شعبان کی مناسبت سے بیان کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی کی تحریک مکتب مہدویت اور عالمی مصلح کے انتظار کی راہ پر گامزن ہے اور اسی تحریک نے مہدویت اور انتظار کے افکار کو زندہ کیا۔