امام کی واضح خصوصیات میں سے ایک یہ تھی کہ آپ غیر اسلامی ملکوں میں بھی اس ملک کے اجتماعی حقوق اور قوانین کی رعایت کرتے تھے۔ منجملہ پیرس میں جب احباب نے کچھ پیسہ جمع کیا اور ایک بھیڑ خریدی اور وہ صحن جہاں پر امام نماز پڑھنے آتے تھے اس کے پیچھے لے جا کر ذبح کردیا اور شب عاشور کی مناسبت سے اس سے کچھ کھانا تیار کیا اور کچھ گوشت امام کے گھر بھیجا گیا۔ فرانس میں چونکہ ایک قانون ہے کہ ذبیحہ خانہ کے باہر کسی حیوان کو ذبح کرنا حفظان صحت کے اصولوں کے خلاف ہے۔ امام کو جب اس قانون کی اطلاع ہوئی تو فرمایا: ’’چونکہ اس کام میں یہاں کی حکومت کے قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے اس لیے میں یہ گوشت نہیں کھاتا‘‘۔