فلسطین کی تحریک حماس نے اسلامی انقلاب کی چهتیسویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک پیغام میں کہا ہے کہ انقلاب اسلامی ایران، علاقے میں فلسطینی اہداف کے حق میں ایک بے مثال تبدیلی تهی-
تحریک حماس کے ترجمان اسماعیل رضوان نے سنیچر کے دن کہا کہ انیس سواناسی کے ان ایام میں ایران میں جو واقعہ رونما ہوا، وہ فلسطین کے اہداف کے حق میں سنگ میل اور ایک بے مثال کامیابی شمار ہوتا ہے کہ جس کا فلسطین کی تحریک آزادی پر کافی اثر ہوا ہے- اسماعیل رضوان نے ایران کی جانب سے فلسطینی مزاحمتی گروہوں کی حمایت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی دشمن کے ساته جنگ میں تحریک مزاحمت کی کامیابیوں میں اس حمایت کا بہت بڑا کردار رہا ہے- تحریک حماس کے ترجمان نے کہا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد، اسلامی جمہوری نظام نے صیہونی دشمن کے ساته اپنے تعلقات کوختم کرنے کے ساته ہی اسرائیلی سفیر کو تہران سے باہر نکال دیا اور اسرائیلی سفارتخانے کو فلسطینی سفارتخانے میں تبدیل کردیا- انہوں نے کہا ایران نے اس کے ساته ہی صیہونی حکومت کو تیل اورگیس کی ترسیل بند کر دی اور فلسطینی مزاحمتی گروہوں کی حمایت کرنا شروع کردی- تحریک حماس کے اس اعلی عہدیدار نے امام خمینی (رح) کی پالیسیوں اور اقدامات نیز مسلم امہ کی فکر و نظرمیں بالیدگی میں، ان پالیسیوں کے اثرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی (ره) نے فلسطیں اور عالم اسلام کے لئے صیہونیوں کے خطرناک عزائم سے مسلم امہ کو آگاہ کیا-