میلاد حضرت عیسیٰ مسیح(ع) کی مناسبت سے امام خمینی (ره)کا پیغام

میلاد حضرت عیسیٰ مسیح(ع) کی مناسبت سے امام خمینی (ره)کا پیغام

خدائے بزرگ و برتر کا درود و سلام ہو اس عظیم الشان پیغمبر حضرت عیسی ابن مریم روح اللہ پر کہ جنہوں نے مردوں کو زندہ اور سوئے ہوئے لوگوں کو بیدار کیا ! اور خدائے متعال کا سلام ہو ان کی عظیم الشان ماں مریم عذرا و صدیقہ حورا پر کہ جنہوں نے نفخہ الٰہی کے ذریعے ایسے عظیم المرتبت بیٹے کو رحمت الٰہی کے طلب گاروں کے حوالے کیا ! درود ہو ان علماء ، احبار اور رہبانوں پر جو حضرت عیسی مسیح (ع) کی تعلیمات کے ذریعے اپنے سرکش نفس کو سکون کی جانب بلاتے ہیں! درود ہو ان حریت پسند عیسائیوں پر جو عیسیٰ روح اللہ کی آسمانی تعلیمات سے بہرہ مند ہیں!

میلاد حضرت عیسیٰ مسیح(ع) کی مناسبت سے امام خمینی (ره)کا پیغام

پیرس میں اپنے قیام کے دوران امام خمینی ؒنے حضرت عیسی مسیح  ؑ کی میلاد کی مناسبت سے دسمبر 1979 ء کو ایک پیغام کے ذریعے حضرت عیسیٰ ؑ کی ولادت  کی مبارکبادی دیتے ہوئے دنیا بهر کے عیسائیوں سے درخواست کی کہ وہ ظالم شہنشاہی حکومت کے پنجوں  سے ملت ایران کی رہائی کے لئے دعا کریں۔ اسی طرح آپ نے عیسائی علماء سے بهی درخواست کی کہ وہ طاقتور ممالک کے سربراہوں کو اس راہ کی طرف بلائیں۔ اس پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

خدائے بزرگ و برتر کا درود و سلام ہو اس عظیم الشان پیغمبر حضرت عیسی ابن مریم روح اللہ پر کہ جنہوں  نے مردوں کو زندہ اور سوئے ہوئے لوگوں کو بیدار کیا ! اور خدائے متعال کا سلام ہو ان کی عظیم الشان ماں مریم عذرا و صدیقہ حورا پر کہ جنہوں نے نفخہ الٰہی کے ذریعے ایسے عظیم المرتبت بیٹے کو رحمت الٰہی کے طلب گاروں کے حوالے کیا ! درود ہو ان علماء ، احبار اور رہبانوں پر جو حضرت عیسیٰ مسیح  ؑکی تعلیمات کے ذریعے اپنے سرکش نفس کو سکون کی جانب بلاتے ہیں! درود ہو ان حریت پسند عیسائیوں پر جو عیسیٰ روح اللہ کی آسمانی تعلیمات سے بہرہ مند ہیں!

میں، ایران کی مظلوم قوم کے نام پر آپ عیسائی قوم سے درخواست کرتا ہوں کہ اپنے مقدس ایام کے دوران ، ظالم بادشاہ کے چنگل میں گرفتار ہماری قوم کے لئے دعا کریں اور خدا ئے متعال سے ان کی کشادگی کی درخواست کریں۔ میں آپ کی عظیم قوم سے گزارش کرتا ہوں کہ بعض عیسائی ممالک کے ان سربراہوں کوخبردار کریں اور انہیں حضرت مسیح علیہ السلام کی تعلیمات سے آگاہ کریں جو اپنی شیطانی طاقت کے ذریعے ظالم و ستمگر شاہ کی پشت پناہی کر رہے اور ایک قوم کو ظلم و ستم کی چکی میں پیس رہے ہیں۔

میں عیسائی علماء سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ بعض طاقتور ممالک کے سربراہوں کو نصیحت کریں اور ان کی ایسے شخص کی پشت پناہی کرنے کی مذمت کریں جو آسمانی تعلیمات سے منہ پهیرے ہوئے ہے۔ قرآن کریم نے حضرت عیسی علیہ السلام کو عظمت و بزرگی کے ساته یاد فرمایا اور حضرت مریم ؑ کی پاکیزگی بیان فرمائی ہے۔ عیسائی قوم پر ضروری ہے کہ مسلمان ملت کا یہ قرض چکائے۔

والسلام

روح اللہ الموسوی الخمینی

( صحیفہ امام ؒ، ج۵، ص ۲۷۲)

 

بانی انقلاب اسلامی نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے ایک سال بعد عیسوی سال ۱۹۸۰ کے آغاز پر حضرت عیسی علیہ السلام کی میلاد کی مناسبت سے ایران اور دنیا بهر کے عیسائیوں سے خطاب کر کے ایک پیغام دیا جس میں عیسائی قوم کو کچه ہدایات فرمائیں؛ اس پیغام میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو عدالت و مہربانی کا پیامبر گردانتے  اور  انجیل متی سے دو جملوں کو ذکر کرتے ہوئے (اس زمانے کے امریکی صدر ) کارٹر فریبکارانہ دینداری اور امریکہ کے استکباری ہتهکنڈے پر سخت حملہ کیا ہے ۔ اسی کے ضمن میں ارباب کلیسا اور حضرت عیسیٰ کے ماننے والوں کو آپ ؑ کی صحیح فکر اور مقاصد کو پہچاننے کے سلسلے میں کچه ہدایات بهی فرمائی ہیں۔ (روز نگار زندگی و تاریخ سیاسی اجتماعی امام خمینیؒ ، ص ۳۰۹ و ۳۱۰)

 اس پیغام کا متن بهی ذیل میں آپ پڑهیں گے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

یا أَیُّهَا الَّذینَ آمَنُوا کُونُوا قَوَّامینَ لِلَّهِ شُهَداءَ بِالْقِسْطِ وَ لا یَجْرِمَنَّکُمْ شَنَآنُ قَوْمٍ عَلى‏ أَلاَّ تَعْدِلُوا اعْدِلُوا هُوَ أَقْرَبُ لِلتَّقْوى‏ وَ اتَّقُوا اللَّهَ إِنَّ اللَّهَ خَبیرٌ بِما تَعْمَلُون

ان لوگوں کا کیا کہنا جو عدل و انصاف کے ایسے بهوکے پیاسے ہیں کہ کبهی سیر نہیں ہوتے۔ ( انجیل متی) ایسے لوگوں کا کیا کہنا جو عدل و انصاف کی خاطر مشقت اٹهاتے ہیں؛ اسی وجہ سے انہیں آسمانی مملکت ملے گی۔ ( انجیل متی)

عظیم الشان پیغمبر حضرت مسیح  ؑ جو مظلوموں کی حمایت اور عدل و انصاف کے قیام کے لئے مبعوث ہوئے ، انہوں نے اپنی آسمانی گفتار اور ملکوتی کردار کے ساته ظالموں اور ستمگروں کو پسپا کرکے مظلوموں اور پسے ہوؤں کی پشت پناہی فرمائی؛ دنیا کے تمام مستضعف قوموں ، عیسائی قوم اور ہموطن عیسائیوں کو ان کی میلاد کی مناسبت سے عید مبارک ہو! اے کلیساؤں کے فادرز اور حضرت عیسی ؑ کے فرمانبردار علماء !اب وقت آچکا ہے کہ آپ اٹهیں اور دنیا بهر کے مظلوموں اور مستکبرین کے پنجوں میں پهنسے ہوئے مستضعفین کی پشت پناہی کریں ۔ خدا وند عالم کی خوشنودی میں حضرت عیسیٰ مسیح کی پیروی کرتے ہوئے ایران کے مظلوموں کی حمایت اور ستمگروں کی مذمت میں ایک بار پهر اپنی عبادت گاہوں میں ناقوس بجائے۔

پوری دنیا کے ظالموں کا سرغنہ کارٹر چاہتا ہے کہ آپ لوگ امریکہ بهر میں ایران کی مظلوم قوم کے بجائے  جاسوسوں کے فائدے میں یہ ناقوس بجائے۔ کتنی اچهی بات ہے اور ایسا ہونا بهی چاہئے کہ آپ ان ناقوسوں سے  فرمان خدا وندی اور حضرت عیسی ٰ کی ہدایت پر ان مستضعف قوموں کے حق میں آواز بلند کریں جو بدمعاش کارٹروں کے پاؤں تلے روندے جار ہے ہیں۔

ان لوگوں کا کیا کہنا جو عدل و انصاف کے پیاسے ہیں اور اسی کے لئے مشقت برداشت کرتے ہیں اور برائی ہے ان کے لئے جو حضرت عیسی مسیح سمیت تمام پیغمبروں کی ہدایات کے خلاف ، ظالموں ، جاسوسوں اور قوموں کے حقوق ہڑپ کرنے والوں کے لئے دوڑ دهوپ کرتے ہیں۔ اے عیسائیو اور اے عیسی روح اللہ کے پیروکارو ! اٹه کهڑے ہو جاؤ اور عیسی مسیح و عیسائی قوم کی شرافت و بزرگی کا دفاع کرو ۔آسمانی تعلیمات کے دشمنوں اور الٰہی احکامات کے مخالفین کو یہ موقع نہ دو کہ وہ دنیا کے مستضعفین کے درمیان عیسائی قوم اور عیسی ٰ کی روحانیت کو برائی کے ساته پیش کریں۔

عبادت گاہوں میں عالمی طاقتوں کا وجود ، اسی طرح مظلوموں اور مستضعفوں کے مخالفوں، مذاہب مسیح کے غداروں اور جاسوسوں کے لئے ان کا دعا کرنا، کہیں تمہیں دهوکے میں نہ رکهے ؛ کیونکہ یہ لوگ زیادہ سے زیادہ مقتدر بننے اور آسمانی تعلیمات کے خلاف دنیائی ریاست و حکومت تک پہنچنے کے علاوہ کچه سوچتے ہی نہیں ہیں۔

ہماری قوم کافی عرصہ ظالموں کی مکاری کا شکار رہی اور بہت رنج و غم دیکه چکی ہے۔

اے عیسائی قوم ! کیا وجہ ہے کہ کارٹر صاحب نے ایران، ویتنام، فلسطین اور لبنان سمیت دوسری جگہوں پر ہونے والے قتل عام میں دعا کے لئے ہاته نہیں اٹهائے اور ناقوس بجانے کی درخواست نہیں کی؛ لیکن اب صدارت کے عہدے تک پہنچنے اور پسی ہوئی قوموں پر مزید کچه سال ظلم وستم جاری رکهنے کے لئے دست بدعا ہو گیا اور کلیساؤں کو ناقوس بجانے کی دعوت دی ہے ؟!

اب وقت ہے اے کلیساؤں کے فادرز ! اٹهیں اور عیسی مسیح کو ان ظالم درندوں کے پنجہ ظلم سے نجات دیں؛  اس لئے کہ  وہ عظیم الشان پیغمبر اس ظالم سے بیزار ہیں جو دین کو ظلم کرنے کا اوزار اور دعا کو بندگان خدا پر ظلم کرنے کی مسند تک پہنچنے کی سیڑهی قرار دیتا ہے؛  کیونکہ تمام آسمانی تعلیمات مظلوموں کی نجات کے لئے ملکوت سے نازل ہوئی ہیں۔ اے دنیا کے مظلومو ! اٹهو! آپس میں متحد ہو جاؤ اور ظالموں کو منظر سے ہٹا دو؛ کہ یہ زمین خدا کی ہے اور اس کے وارث مستضعف لوگ ہیں۔

اور اے امریکی قوم ! ایسے صدر کے پروپیگنڈوں پر کان نہ دهرو جسے اقتدار تک پہنچنے کے علاوہ کسی چیز کی فکر نہیں ہے اور جان لو کہ جاسوسوں کے ساته ہمارے جوانوں کا سلوک خدا پسندانہ ہوتا ہے ؛ کیونکہ اسلام کا سبق اسیروں کے ساته مہربانی سے پیش آنا ہے اگرچہ وہ ظالم اور جاسوس ہی کیوں نہ ہوں۔

اے امریکہ کی عظیم قوم ! تم کارٹر سے یہ چاہو کہ وہ ظالم اور معزول شاہ کو ایران واپس بهیج دے؛ کیونکہ جاسوسوں کی رہائی کی چابی اس کے ہاته میں ہے ۔ اور تم اے ناقوس بجانے والو ! دعا کے لئے ہاته اٹهاؤ اور ناقوسوں سے صدا بلند کرو اورخدا وند متعال سے سے یہ درخواست کرو کہ وہ تمہارے صدر کو عدل و انصاف کی توفیق عنایت فرمائے۔

ان لوگوں کا کیا کہنا جو عدل و انصاف کی خاطر مشقت اٹهاتے اور دعا کرتے ہیں۔

روح اللہ الموسوی الخمینی

( صحیفہ امام، ج۱۱، ص ۳۷۵۔ ۳۷۷)

 

 

ای میل کریں