اسرائیل کیخلاف 18 جولائی یوم مذمت اور جمعۃ الوداع یوم القدس منانےکا اعلان

اسرائیل کیخلاف 18 جولائی یوم مذمت اور جمعۃ الوداع یوم القدس منانےکا اعلان

ہم عالمی سطح پر جمعۃ الوداع کے موقع پر منائے جانے والے یوم القدس کو پاکستان بهر میں ملکر منانے کا اعلان کرتے نیز قبلہ اول کی آزادی کے لئے مل کر آواز بلند کریں۔

امام خمىنى پورٹل کے مطابق:

ملی یکجہتی کونسل کے سینیئر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ، آصف لقمان، ثاقب اکبر، پیر ناصر جمیل ہاشمی، میاں محمد اسلم، قاضی ظفر الحق، علامہ عارف حسین واحدی، مولانا عبد الجلیل، علامہ اصغر عسکری، شاہد شمسی اور طاہر محمود نے اسلام آباد میں مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے قیام کے وقت سے اصولی طور پر غاصب صہیونی ریاست کا مخالف رہا ہے۔ بانی پاکستان نے امریکی صدر کو لکهے گئے خط میں واضح طور پر کہا تها کہ برصغیر کے لوگ فلسطینیوں کی منشاء کے خلاف کسی بهی فیصلے کو قبول نہیں کریں گے۔

 تحریک پاکستان کے تمام قائدین اور دنیا بهر کے آزادی پسند انسان تحریک آزادی فلسطین کے پشتی بان رہے ہیں۔ ان عالمی راہنمائوں نے نہ صرف یہ کہ واشگاف الفاظ میں مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کی بلکہ واضح انداز میں غاصب صہیونی ریاست کی مذمت بهی کی۔

رہنماوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل جو پاکستان میں مذہبی جماعتوں کی نمائندگی کرتی ہے، مظلوم فلسطینیوں پر صہیونی ریاست کی جانب سے کی جانے والی نئی وحشیانہ جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ یہ اتحاد اپنے فلسطینی بهائیوں کو یہ یقین دلواتا ہے کہ ہم کبهی بهی آپ کو آزادی کی اس جدوجہد میں تنہا نہیں چهوڑیں گے۔

ملی یکجہتی کونسل کے رہنماوں کا کہنا تها کہ ہم امت مسلمہ کے تمام ممالک سے تقاضا کرتے ہیں کہ وہ اپنے آپسی اختلافات کو فراموش کرتے ہوئے اسرائیل کی سفاکیت کے خلاف متحد ہوکر ایک ایسا لائحہ عمل وضع کریں، جس سے فلسطینیوں کو آئے روز کی اس منظم صہیونی دہشتگردی سے نجات مل سکے۔ اسلامی کانفرنس یعنی او آئی سی جو کہ تمام مسلمانوں کا نمائندہ پلیٹ فارم ہے، اس دہشت گردی و بربریت کو روکنے کے لیے ٹهوس لائحہ عمل مرتب کرکے اقدامات کرے۔ ہم اقوام عالم سے بهی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فلسطین کے بارے میں اپنی اخلاقی اور انسانی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے فی الفور ان جارحانہ کارروائیوں کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

رہنماوں نے مزید کہا کہ ملک کی مذہبی تنظیموں کا یہ اتحاد آئندہ جمعہ یعنی 18 جولائی کو اسرائیل کے خلاف یوم مذمت منانے کا اعلان کرتا ہے اور تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ اس روز غاصب صہیونی ریاست کے مظالم کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔ ہم حکومت پاکستان اور ملک کی دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں سے بهی اپیل کرتے ہیں کہ وہ بهی اسرائیل کے خلاف یوم مذمت میں بهرپور شرکت کا اعلان کریں۔ ہم تقاضا کرتے ہیں کہ ملک کی پارلیمنٹ اسرائیلی جارحیت کے خلاف مشترکہ قرارداد پیش کرے نیز حکومت او آئی سی کو متحرک کرنے کے لیے بهی اپنا کردار کرے۔ ہم تقاضا کرتے ہیں کہ وہ مسلمان ممالک جن کے غاصب صہیونی ریاست سے سفارتی تعلقات ہیں، اسلامی غیرت اور انسانی حمیت کا ثبوت دیتے ہوئے اس سے اپنے تعلقات کو ختم کریں۔ اپنے ممالک سے اسرائیلی سفراء کو نکالیں نیز اپنے سفراء کو فوراً واپس بلوائیں۔ ہماری نظر میں اس عمل کے، جارح ریاست پر فوری اثرات مرتب ہوں گے۔

ہم عالمی سطح پر جمعۃ الوداع کے موقع پر منائے جانے والے یوم القدس کو پاکستان بهر میں ملکر منانے کا اعلان کرتے ہیں اور حکومت نیز تمام ملکی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس روز فلسطینیوں کے حقوق کی بازیابی اور ان سے اظہار یکجہتی نیز قبلہ اول کی آزادی کے لئے مل کر آواز بلند کریں۔

ای میل کریں