رہبر انقلاب اسلامی

عراقی وزیر اعظم کی رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ داعش کے فتنے سے نمٹنے میں عراق کے نوجوانوں نے قابل تعریف اور تاریخی کارنامہ رقم کیا

ابنا۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے عراقی حکومت پر امریکی فوجیوں کو جلد از جلد اپنے ملک سے نکالنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ عراقی حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنے ملک سے امریکی فوجیوں کے جلداز جلد انخلا کا راستہ ہموار کرنے کے لیے ضروری اقدامات انجام دے۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایران اور عراق کی اقوام کے درمیان پائے جانے والے مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات ہمسایہ ملکوں کے رسمی تعلقات سے کہیں زیادہ بڑھ کر ہیں۔

آپ نے فرمایا کہ ایران کی حکومت اور عوام، عراق کی ترقی و پیشرفت کو اپنی ترقی و پیشرفت سمجھتے ہیں لیکن امریکی حکام اپنے ظاہری بیانات کے برخلاف عراق میں جمہوریت اور عراق کے موجودہ سیاسی نظام کو اپنے نقصان میں سمجھتے ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ نے فرمایا کہ اس صورتحال میں عراقی حکومت کو چاہیے کہ وہ ایسے اقدامات انجام دے کہ امریکی فوجیوں کو جلداز جلد عراق سے نکلنا پڑے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے عراق اور علاقے کے مسائل میں وزیراعظم عادل عبدالمہدی کے مدبرانہ موقف کی قدردانی کرتے ہوئے، عراق کی توانائیوں اور افرادی قوت کی اہمیت پر زور دیا۔

آپ نے فرمایا کہ عراق کی نوجوان افرادی قوت اس ملک کا عظیم سرمایہ ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ داعش کے فتنے سے نمٹنے میں عراق کے نوجوانوں نے قابل تعریف اور تاریخی کارنامہ رقم کیا۔

اس ملاقات میں عراقی وزیر اعظم عادل عبدالمہدی نے رہبر انقلاب اسلامی سے اپنی ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام نے ہمیشہ سخت حالات میں عراقی حکومت اور عوام کا ساتھ دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ داعش کے فتنے پر غلبہ بھی اسلامی جمہوریہ ایران کی بے دریغ حمایت کا ہی مرہون منت ہے۔

ای میل کریں