کفر و استکبار کے خلاف، استقامت

کفر و استکبار کے خلاف، استقامت

رہبر انقلاب اسلامی: جہاں کہیں بھی کفر و استکبار کے خلاف مدد کی ضرورت پڑی، ہم ضرور وہاں پہنچیں گے۔

رہبر انقلاب اسلامی: جہاں کہیں بھی کفر و استکبار کے خلاف مدد کی ضرورت پڑی، ہم ضرور وہاں پہنچیں گے۔

تہران میں تکفیری مسئلہ اور محبان اہل بیت علیہم السلام نامی اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حضرت آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا: حالیہ دور میں مسلم امہ کے درمیان اتحاد اور ہمدردی، سب سے واجب کام ہے؛ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ صہیونی اور استکباری طاقتوں کی جنگ پالیسیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہےگا؛ اللہ تعالی کی نصرت سے ان تمام استعماری طاقتوں پر فتح، ہماری ہی ہوگی جس طرح کہ شجرہ خبیثہ داعش کی جڑوں کو شام اور عراق میں خشک کردیا ہے اسی طرح ان کا بھی خاتمہ ہوگا۔

معزز رہبر انقلاب نے تاکید کے ساتھ فرمایا: اگرچہ عراق اور شام میں داعش کا خاتمہ ہوگیا ہے لیکن ہمیں دشمن کے مکر و فریب سے ہوشیار رہنا ہوگا کیونکہ امریکہ، اسرائیل اور انکے پیروکار، اسلام دشمنی سے باز نہیں آئیں گے، عین ممکن ہےکہ دشمن، داعش کی طرح ایک اور سازش کسی اور ملک میں آزمائیں۔

قائد انقلاب ایران نے مزید تاکید کرتے ہوئے کہا: ہمیں محتاط رہنے کی ضرورت ہے اور دشمن کو کبھی بھی نظرانداز نہیں کرنا چاہئے، دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کےلئے مسلم امہ کے درمیان اتحاد اور ہمدردی کا پرچار نہایت ضروری ہے۔

امام خامنہ ای نے فرمایا کہ تمام محبین اہل بیت علیہم السلام پر لازم ہےکہ اسلامی ممالک میں اتحاد اور اتفاق کےلئے کوشش کرتے ہوئے امت مسلمہ کو دشمن کی ناپاک سازشوں سے آگاہی دلاتے رہیں۔

اہل بیت علیہم السلام کی محبت صرف شیعوں سے مختص نہیں ہے جس طرح نبی اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ کا وجود مبارک، مسلمانوں کےلئے اتحاد اور یکجہتی کا سبب ہے اسی طرح اہل بیت علیھم السلام کی محبت بھی مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کا سبب ہے۔

حضرت آیت اللہ نے کہا کہ مسلم دنیا، کفر اور استکباری طاقتوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ایران کا اسلامی جمہوری نظام، مکمل طور پر اسلامی شریعت کا نفاذ چاہتا ہے اور یہی نظام دشمنان اسلام پر فتح کا وسیلہ بنےگا۔

رہبر معظم نے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: اسلامی جمہوریہ ایران نے عالمی طاقتوں کی تمام تر پابندیوں کے باجود، اللہ کے فضل و کرم سے مختلف شعبوں میں بہت ترقی کی ہے اور استعماری طاقتوں کے سامنے پوری طاقت کے ساتھ کھڑا ہے۔

قائد اسلامی جمہوریہ نے کہا: میں واضح طور پر اعلان کرتا ہوں کہ جہاں کہیں بھی کفر، ظلم اور استکبار کے خلاف ایران کی مدد درکار ہو، ہم ضرور وہاں مدد کریں گے۔

امام خمینی علیہ الرحمہ کے خلف صالح نے مسئلہ فلسطین کیطرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: فلسطین اسلام کے دشمنوں کو شکست دینے کی کنجی ہے، کیونکہ ظالم صہیونی، اسلامی ملک فلسطین پر غاصبانہ قبضہ کرکے خطے کے دیگر اسلامی ممالک میں بھی مداخلت کر رہے ہیں، لہذا ہم سب کو اس سرطان کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔

ہم امید کرتے ہیں کہ ایک دن فلسطینی عوام اپنے وطن کے مالک ہوں گے اور اس دن  پوری اسلامی دنیا میں جشن کا سماں ہوگا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے مزید کہا: جس دن فلسطین آزاد ہوگا اس دن استکبار کی کمر ٹوٹ جائےگی اور ہم اس دن کےلئے کوشش کر رہے ہیں۔

ای میل کریں