آیت اللہ العظمی خامنہ ای: حسینی زائرین کا پیدل مارچ، اہم اور ممتاز تاریخی واقعہ ہے اور یہ اللہ تعالی کا ہم پر بہت بڑا احسان ہے۔
رہبر معظم نے مزید فرمایا: کربلائے معلی کیجانب ہمیشہ پیدل سفر کا سلسلہ جاری رہا ہے لیکن اس دور میں کربلائے معلی کیجانب اہلبیت علیھم السلام کے چاہنے والوں کا اس شان و شوکت کے ساتھ پیدل سفر، ایک عظیم علامت بن گیا ہے؛ ہمیں اللہ تعالی کے اس احسان پر شکریہ ادا کرنا چاہیے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے درس خارج فقہ کے دوران اربعین حسینی کےلئے انجام دیئے جانے والے پیدل مارچ یا مشی کے بارے میں فرمایا: کتنے خوش قسمت ہیں وہ لوگ جو اس وقت کربلائے معلی کیجانب پیدل سفر کر رہے ہیں اور اربعین کے موقع پر وہاں زیارت کےلئے پہنچیں گے اور اربعین کی اس بہترین اور خوش مضمون زیارت کو امام حسین علیہ السلام سے خطاب کرکے پڑھیں گے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ الحمد للہ ایران، عراق اور دنیا کے دیگر ملکوں کے دسیوں لاکھ افراد اس پیدل مارچ میں شریک ہیں۔
آپ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئےکہ اربعین حسینی کی یہ مشی یا پیدل مارچ ایک بہت ہی عظیم واقعہ ہے جس کو انجام دینے کےلئے خداوند عالم نے اہلبیت اطہار علیہم السلام کے پیروکاروں کو منتخب کیا ہے فرمایا: اس نعمت و احسان پر خداوند عالم کا شکر ادا کرنا چاہئے۔
حضرت آیت اللہ نے مزید فرمایا: اربعین حسینی کا یہ عظیم اجتماع اہل بیت اطہار علیہم السلام کے پیروکاروں اور عقیدت مندوں کا ایک انتہائی پر شکوہ اور خوبصورت کارنامہ ہے۔
واضح رہےکہ ۲۰ صفرالمظفر کو امام حسین علیہ السلام اور انکے اصحاب با وفا کا چہلم منانے کےلئے پوری دنیا سے دسیوں لاکھ زائرین اور سوگواران کربلائے معلی پہنچ چکے ہیں جس مقام پر سن ۶۱ ہجری کو امام عالیمقام نے انسانیت اور دین اسلام کی بقا کےلئے بے مثال قربانی پیش کی تھی۔
گزشتہ سال ایران سے ۲۰ لاکھ زائرین نے کربلائے معلی میں اربعین حسینی میں شرکت کی تھی اور اس سال بھی اب تک تیئیس لاکھ سے زائد ایرانی زائرین عراق پہنچ چکے ہیں۔
اربعین حسینی میں شرکت کےلئے عراق، ایران اور دنیا کے مختلف ملکوں سے زائرین کی آمد کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور مختلف ملکوں کے زائرین زمینی اور ہوائی راستوں سے خود کو کربلا پہنچا رہے ہیں۔
عراق کی سبھی زمینی سرحدوں سے نجف اور کربلا جانے والے راستوں میں زائرین کی سہولت کےلئے عراقی شہریوں نے جگہ جگہ موکب قائم کر رکھے ہیں اور ان کا انتہائی پرتپاک استقبال کر رہے ہیں۔