جہان اسلام کےخلاف سامراجی سازشیں

جہان اسلام کےخلاف سامراجی سازشیں

ظریف: ایران اپنے سبھی ہمسایہ ملکوں منجملہ سعودی عرب کے ساتھ تعاون کرنے کےلئے آمادہ ہے اور ہم سعودی عرب کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ ایران کو نقصان پہنچانے کی غرض سے اجنبیوں کے قریب ہونے کے بجائے تہران کے ساتھ تعاون کرے۔

ظریف: ایران اپنے سبھی ہمسایہ ملکوں منجملہ سعودی عرب کے ساتھ تعاون کرنے کےلئے آمادہ ہے اور ہم سعودی عرب کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ ایران کو نقصان پہنچانے کی غرض سے اجنبیوں کے قریب ہونے کے بجائے تہران کے ساتھ تعاون کرے۔

سرگئی لاوروف:

داعش کیخلاف جنگ میں ایران اور حزب اللہ کا اہم کردار

داعش کیخلاف جنگ میں ایران اور حزب اللہ کا کردار انتہائی اہم ہے، سرگئی لاوروف

فارس نیوز ایجنسی کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اسرائیل کے اس دعوے کو شدت سے مسترد کر دیا ہےکہ روس حزب اللہ لبنان کو اسلحہ سپلائی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا: اگر تل ابیب کے پاس اس دعوے کے ثبوت ہیں تو وہ پیش کرے۔ ایران اور حزب اللہ لبنان داعش کے خلاف جنگ میں انتہائی اہم کردار کے حامل ہیں اور واشنگٹن کو چاہئےکہ وہ اپنی ترجیحات فوراً واضح کر دے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر ایران کے خلاف کسی کو کوئی شک ہے تو اسے چاہئےکہ تحقیق کرے، لیکن محض ایسے الزامات کے تحت جن کےلئے کوئی ثبوت موجود نہیں، ایران کو دہشت گردی کے خلاف اتحاد سے نکال باہر کرنا کوئی معقول اقدام نہیں، جبکہ امریکہ اس بات کےلئے مشہور ہےکہ اس کے اقدامات منطقی اور معقول ہوتے ہیں۔

سرگئی لاوروف نے کہا: امریکہ اس حقیقت کو تسلیم کرےکہ شام میں حزب اللہ لبنان کی فورسز داعش کے خلاف برسر پیکار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا: اگر عالمی سطح پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پہلی ترجیح دہشت گردی کا خاتمہ ہے تو انہیں اس حقیقت کا اعتراف کرنا پڑےگا کہ شام میں داعش کے خلاف شام آرمی کے شانہ بشانہ برسر پیکار فورسز کا بڑا حصہ حزب اللہ لبنان کے جنگجووں پر مشتمل ہے، جنہیں ایران کی حمایت حاصل ہے۔

...

رہبر معظم انقلاب:

ایران پر تسلط کی خواہش، دشمن قبر میں لے جائےگا

دشمن ایران کے قدرتی ذخائر پر تسلط کی خواہش اپنی قبر میں ساتھ لیکر جائیں گے، آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی عوام کی جانب سے مذہبی امور اور انقلابی اقدار کی مکمل پابندی اور شاندار وفاداری کی تعریف کرتے ہوئے اس کو ایرانی عوام کے اتحاد کا مظہر قرار دیا۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مشہد مقدس میں حضرت امام علی بن موسی الرضا علیہ السلام کے حرم مطہر میں زائرین کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا: اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے ایک بار پھر یہ توفیق عطا فرمائی کہ میں اس روحانی اور ملکوتی بارگاہ میں آپ سے خطاب کروں۔

رہبر انقلاب نے نئے ہجری شمسی سال کو ملک کےلئے ایک اہم سال قرار دیتے ہوئے کہا: یہ سال اقتصادی لحاظ سے بھی اور آئندہ صدارتی اور بلدیاتی انتخابات کی بنا پر سیاسی لحاظ سے بھی بہت اہم ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے کہا: گذشتہ برس ایران کے عوام نے کچھ اقتصادی مشکلات کے باوجود سیاسی اور انقلابی میدانوں میں شاندار کارنامے رقم کئے اور یوم القدس اور یوم آزادی کے جلوسوں میں تاریخی شرکت کرکے انقلاب سے اپنی وفاداری کا ایک بار پھر بھرپور ثبوت پیش کیا۔

رہبر معظم نے علمی اور سائنسی میدانوں میں ایرانی نوجوانوں کی کامیابیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے ایران میں علمی ترقی پچیس گنا زیادہ ہوئی ہے۔

آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے ایران کے عظیم قدرتی ذخائر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: گیس کے ذخائر کے لحاظ سے ایران دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔ دشمن نے بلاوجہ اپنی نظریں ایران پر نہیں جمائی ہیں، دشمن چاہتے ہیں کہ ایران کے قدرتی ذخائر پر تسلط حاصل کر لیں۔ البتہ یہ دشمنوں کی پرانی خواہش ہے اور ان کی یہ خواہش کبھی بھی پوری نہیں ہوسکےگی اور وہ اپنی یہ خواہش قبر میں لے کر جائیں گے۔

...

ذرائع ابلاغ کے مطابق:

سعودی فوج کا اعلی سطحی وفد نائیجیریا کے دورے پر

نائیجیریا، فوج کے حملے اور عوامی ردعمل

سعودی فوج کا سات رکنی اعلٰی سطحی وفد ان دنوں نائیجیریا کے دورے پر ہے؛ جس کی قیادت چیف انٹیلی جنس میجر جنرل یحییٰ احمد میسیری کر رہے ہیں۔

سعودی وفد نے نائیجیرین فضائیہ کے چیف سے ملاقات کی اور اس ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا!!

سعودی فوجی وفد کے دورے سے محض دو ہفتے قبل نائیجیرین ائیرفورس نے مہاجرین کے ایک کیمپ پر بمباری کی تھی، جس میں تقریباً ایک سو سے زائد افراد ہلاک اور ڈیڑھ سو کے قریب زخمی ہوئے تھے۔ کیمرون کی سرحد کے قریب ہونے والے اس حملے کے بعد نائیجیرین فوج نے پہلی مرتبہ اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنی غلطی کا اعتراف کیا تھا۔ مہاجرین کے کیمپ پر ہونے والی اس بمباری میں ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز اور ریڈکراس کے تقریباً بیس نمائندے بھی نشانہ بن گئے تھے۔

ایک ایسے موقع پر جبکہ نائیجیرین فوج بالخصوص فضائیہ کو عالمی ذرائع ابلاغ میں کڑی تنقید کا سامنا ہے، سعودی عرب کا اعلٰی سطحی فوجی وفد نائیجیرین ائیر فورس کی صلاحیتوں کا برملا اعتراف کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف تعاون بڑھانے کا اعلان کر رہا ہے جو کہ ایک سوالیہ نشان ہے؟

نائیجیرین فوج کو اس حملے سے قبل جلوسہائے عزا، یوم القدس کے اجتماع، عوامی اجتماعات اور رات گئے اپنے ہی پرامن شہریوں پر غیر انسانی حملوں کی وجہ سے شدید تنقید کا سامنا تھا، یہاں تک کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی نائیجیرین فوج کو نائیجیرین شیعہ قتل عام میں ملوث قرار دیا تھا۔

...

محمد جواد ظریف:

اسرائیل عالمی سلامتی کےلئے سب سے بڑا خطرہ ہے

تہران عدم مداخلت اور عدم جارحیت پر یقین رکھتا ہے، اسرائیل علاقائی اور عالمی سلامتی کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے، جواد ظریف

ایرانی وزیر خارجہ نے لبنان کے المیادین ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے اسرائیل کے ایٹمی ہتھیاروں سے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کو درپیش خطرات کی جانب اشارہ کیا اور یہ بات زور دے کر کہی کہ خطے میں آباد قوموں کے خلاف اسرائیل کی پالیسیاں مخاصمانہ ہیں اور وہ اپنی توسیع پسندانہ پالیسیوں کو آگے بڑھانے کےلئے دوسروں کو خطرہ بنا کر پیش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا: ہم برسوں سے اس کی پالیسیوں کو دیکھتے چلے آ رہے ہیں اور ہمیں ہرگز یہ توقع نہیں ہےکہ اسرائیل کبھی پرامن پالیسیاں بھی اپنا سکتا ہے۔

ظریف نے فلسطین اور لبنان میں اسرائیل کے خلاف پائی جانے والی تحریک مزاحمت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: غزہ اور لبنان کے خلاف جارحیت نے اسرائیل پر واضح کر دیا کہ فلسطین اور لبنان کے عوام اس کےلئے آسان ہدف نہیں ہیں۔

اسلامی اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ ایران کی پالیسیوں کی وضاحت کرتے ہوئے محمد جواد ظریف نے کہا: تہران عدم مداخلت اور عدم جارحیت پر یقین رکھتا ہے اور اس دائرے میں تمام ملکوں کے ساتھ تعاون کےلئے تیار ہے اور بحرین، یمن اور شام میں قیام امن کےلئے ایران اپنے سبھی ہمسایہ ملکوں منجملہ سعودی عرب کے ساتھ تعاون کرنے کےلئے آمادہ ہے اور ہم سعودی عرب کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ ایران کو نقصان پہنچانے کی غرض سے اجنبیوں کے قریب ہونے کے بجائے تہران کے ساتھ تعاون کرے۔

انہوں نے سعودی عرب اور اسرائیل کی جانب سے بیک وقت ایران پر دباؤ ڈالنے کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا: سعودی عرب اور اسرائیل نے ایٹمی مذاکرات کے آغاز میں ہی اس بات کی کوشش کی معاہدہ نہ ہو پائے اور میں سمجھتا ہوں کہ وہ اب بھی ایسی ہی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں ہر قسم کے اختلاف سے اسرائیل کو فائدہ پہنچےگا لہذا تمام مسلمانوں کو باہمی اختلافات کو ختم کر دینا اور آپس میں متحد ہو جانا چاہیے۔

...

اقوام متحدہ کے نمائندے ریما خلف:

اسرائیل، نسل پرست اور نسل کش ریاست

اسرائیل کو نسل پرست ریاست قرار دینے والی ریما خلف پر یو این او سیکرٹری جنرل کا شدید دباو، انڈر سیکرٹری نے استعفٰی دیدیا

اقوام متحدہ کی ڈیویلپمنٹ ایجنسی کی ایشیاء کےلئے خاتون سربراہ " ریما خلف " اسرائیل کے جنگی جرائم پر رپورٹ واپس لئے جانے پر عہدے سے احتجاجاً مستعفی ہوگئیں۔

اقوام متحدہ کی سینیئر اہلکار ریما خلف نے کہا: فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی نسلی امتیاز کی پالیسی کے متعلق رپورٹ کو اقوام متحدہ کے طاقتور رکن ممالک کے دباو پر واپس لیا گیا، ان طاقتور رکن ممالک نے سیکرٹری جنرل کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور پھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گیوٹیریز کے حکم پر یہ رپورٹ سرکاری ویب سائٹ سے ہٹا دی گئی۔ رپورٹ کے اجراء پر اور اسرائیل کے شدید احتجاج پر، امریکہ نے رپورٹ واپس لینے کا سخت مطالبہ کیا تھا۔

اپنے استعفے میں ریما خلف نے لکھا کہ ظلم کے شکار لوگوں کے حق میں آواز اٹھانے والوں کو ظالموں کی طرف سے دھمکیاں ملنا معمول کی بات ہے۔ اقوام متحدہ میں اسرائیل اور امریکہ کے سفیروں نے ریما خلف کے استعفے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا: اقوام متحدہ میں اسرائیل مخالف لوگوں کی کوئی جگہ نہیں ہے!!

واضح رہےکہ چند روز قبل جاری ہونے والی رپورٹ میں اسرائیل پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ نسلی عصبیت پر مبنی ریاست کا قیام چاہتا ہے۔ اس رپورٹ کو اقوام متحدہ نے اپنی ویب سائٹ سے بھی ہٹا دیا ہے۔

...

اللَّهُمَّ عَجِّلْ لِوَلِيِّكَ الْفَرَجَ وَ الْعَافِيَةَ وَ النَّصْر {مصباح‏المتهجد ص58}

اللَّهُمَّ اجْعَلْنِي مِنْ أَنْصَارِهِ وَ أَعْوَانِهِ وَ الذَّابِّينَ عَنْهُ وَ الْمُسَارِعِينَ إِلَيْهِ فِي قَضَاءِ حَوَائِجِهِ وَ الْمُحَامِينَ عَنْهُ وَ السَّابِقِينَ إِلَى إِرَادَتِهِ وَ الْمُسْتَشْهَدِينَ بَيْنَ يَدَيْه‏ {بحارالأنوار ج53 ص96}

ای میل کریں