امریکہ طاغوت اعظم اور شیطان اکبر ہے

امریکہ طاغوت اعظم اور شیطان اکبر ہے

آیت اللہ العظمی خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ان سازشوں پر غلبہ حاصل کرنے کا طریقہ قرآن سے تمسک اور حقیقی قوت ایمان و پائيداری اور طاغوت کی نفی میں مضمر ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے قرآن کریم کے 33ویں بین الاقوامی مقابلوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اللہ پر ایمان اور طاغوت کی نفی کو قوت و طاقت کا اصلی سرچشمہ قرار دیا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے زور دیکر کہا کہ امریکا "طاغوت اعظم" اور "شیطان اکبر" ہے۔

آپ نے فرمایا: آج علما، مفکرین اور دانشوروں کی سب سے اہم ذمہ داری طاغوتی طاقتوں کے گمراہ کن مشن کے سد باب کےلئے حقائق کو بیان کرنا اور تشریح و توضیح کا جہاد انجام دینا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے زور دیکر کہا کہ امت مسلمہ بڑی طاقتوں کے وعدوں کے جھانسے میں آئے نہ ان کی دھمکیوں سے ہراساں ہو۔
رہبر انقلاب اسلامی نے قرآن کے بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد کرنے والے منتظمین کی قدردانی کرتے ہوئے قرآن کو مسلم امہ کے اتحاد کا محور قرار دیا اور فرمایا: ایسے حالات میں جب استکبار کی کوششیں مسلمانوں کے درمیان اختلاف اور ٹکراؤ پیدا کرنے پر مرکوز ہیں امت مسلمہ کو چاہئے کہ اس عظیم نعمت خداوندی سے تمسک اختیار کرتے ہوئے اتحاد و یکجہتی کے راستے پر گامزن ہو۔ 
رہبر انقلاب اسلامی نے اسلام اور مسلم امہ پر وار کرنے کی طاغوتی طاقتوں کی وسیع کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا: انھیں معلوم ہے کہ اگر مسلمان طاقتور ہو گئے اور ان کی آواز کا حجم بڑھ گیا تو پھر یہ طاقتیں قوموں پر مظالم کا سلسلہ جاری نہیں رکھ سکیں گی اور مسئلہ فلسطین یعنی ایک اسلامی سرزمین کو غصب کر لئے جانے کا قضیہ ہرگز فراموش نہیں کیا جائے گا۔ 
آیت اللہ العظمی خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ان سازشوں پر غلبہ حاصل کرنے کا طریقہ قرآن سے تمسک اور حقیقی قوت ایمان و پائيداری اور طاغوت کی نفی میں مضمر ہے۔ 
آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اسلامی جمہوریہ ایران کی صادقانہ کارکردگی اور حق بجانب موقف پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے درمیان ایران کے گہرے اثر و رسوخ کی وجہ جو طاقت کا دوسرا اہم سرچشمہ بھی ہے، اسلامی نظام ہے۔ آپ نے فرمایا: تاحال نہ تو طاغوتی طاقتوں کے پرکشش وعدے ملت ایران کو فریب دے سکے اور نہ ان کی دھمکیوں سے ملت ایران ہراساں ہوئی۔ 
رہبر انقلاب اسلامی نے کہا: علاقے میں تکفیری دہشت گرد گروہوں کا وجود میں آنا اور ان کا مسلمانوں کے بیچ دشمنوں کی نیابت میں جنگ کی آگ بھڑکانا، گمراہی اور حقائق سے عدم واقفیت کا نتیجہ ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے زور دیکر کہا کہ نصرت خداوندی حاصل ہونے کےلئے اسلامی اقوام کا حرکت میں آنا ضروری ہے اور اس میں کسی شک کی گنجائش نہیں ہے کہ آخرکار محاذ کفر کو مجاہد اسلامی محاذ کے سامنے شکست ہوگی۔ 

ماخذ:  http://urdu.khamenei.ir/

ای میل کریں