سعودی حکام اس ناگوار سانحے کے ذمہ دار / ایران میں تین دن کا سوگ

سعودی حکام اس ناگوار سانحے کے ذمہ دار / ایران میں تین دن کا سوگ

غم کی اس گھڑی میں تمام متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس حادثے پر پورا عالم اسلام سوگوار ہے۔ علامہ نقوی

رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے منی کے سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو تعزیت پیش کرتے ہوئے ایران میں تین دن کے عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے منی کے سانحے کے بارے میں جمعرات کے دن ایک اہم پیغام میں تاکید کی ہے کہ سعودی عرب کی حکومت اس ناخوشگوار سانحے کی بھاری ذمےداری قبول کرنے اور حق و انصاف کے ساتھ اس سانحے کے نتائج بھگتنے کی پابند ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی کے پیغام میں آیا ہے کہ اس سانحے کا سبب بننے والی غلط مینیجمنٹ اور ناپسندیدہ اقدامات کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہئے۔

واضح رہے کہ منی کے واقعہ اب تک١٣٠٠ حجاج جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔ اس حدثے میں ١٣١ایرانی حجاج جاں بحق اور ١٥٠٠سو سے زائد ایرانی زخمی ہوئے۔

 

جمعرات کے روز رمی جمرات کے دوران منیٰ میں ہونیوالے حادثہ پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ غم کی اس گھڑی میں تمام متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس حادثے پر پورا عالم اسلام سوگوار ہے۔

علامہ نقوی نے سعودی حکومت کی توجہ اس امر کی جانب مبذول کروائی کہ زخمیوں کو فی الفور طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے جبکہ پاکستانی حکومت بھی حجاج کرام کی مشکلات کے پیش نظر ہنگامی اقدامات اٹھائے تاکہ جو افراد حج کی غرض سے حجاز مقدس گئے ہوئے ہیں ان کے لواحقین کی تسلی و تشفی اور انہیں معلومات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے کیونکہ اس سانحہ سے جہاں ایک جانب سوگ کا سماں ہے وہیں دوسری جانب ملک میں موجود حاجیوں کے رشتہ دار بھی پریشانی میں مبتلا ہیں ان کی اس پریشانی کے حل کیلئے مناسب اقدامات کی ضرورت ہے۔

 

دوسری جانب شیعہ علماء کونسل پاکستان نے بھی اس المناک سانحہ پر دلی افسوس کا اظہار کیاہے۔ مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہاہے کہ وہ اس سانحہ میں شہید ہونیوالے حاجیوں کے خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔

ای میل کریں