علماء نے اسلامی حکومت قائم کرکے دنیا کے سامنے مثال قائم کردی ہے

علماء نے اسلامی حکومت قائم کرکے دنیا کے سامنے مثال قائم کردی ہے

کسی کو حقیقی اسلام کا نظارہ کرنا ہے تو ایران کا مطالعہ کریں کہ امام خمینی (ره) نے اپنے خاندان میں سے کسی کو نہیں نوازا

شیعہ نیوز؛ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان نے بزرگ مجتہد آیت اللہ محمد یزدی کو مجلس خبرگان رہبری کا سربراہ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے ایرانی عوام نے علما کی قیادت میں مثالی ترقی کی ہے۔ وفاق المدارس کے صدر آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی، نائب صدر علامہ نیاز حسین نقوی اور سیکرٹری علامہ محمد افضل حیدری نے ایک بیان میں کہا کہ علما انبیا کے وارث ہیں، فقیہہ عالی قدر کی قیادت میں اسلامی جمہوریہ ایران نے نظام ولایت فقیہہ کے تحت اسلامی نظام حکومت کو مضبوط بنا کر دنیا کے سامنے مثال پیش کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام عوام کو مساوات اور برابری کا درس دیتا ہے اور یہی مثال ختمی مرتب پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم اور آئمہ اہل بیت علیہم السلام کی زندگی سے ہمیں ملتی ہے جس کا پرتو ایران میں نظر آتا ہے کہ ملوکیت، خاندانی بادشاہت اور مادر پدر جمہوریت کو مسترد کر کے خالص تقوی ٰ اور پرہیز گاری کی بنیاد پر قیادت سامنے آتی ہے۔ جس کا اظہار آیت اللہ محمد یزدی کے انتخاب کی شکل میں بھی سامنے آیا ہے، ان کا انتخاب انقلاب اسلامی کو مزید تقویت دے گا۔ رہنماوں نے کہا کہ کسی کو حقیقی نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم کا نظارہ کرنا ہے تو ایران کا مطالعہ کریں کہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ اور ان کے جانشین ولی امرالمسلمین آیت اللہ علی خامنہ ای نے اپنے خاندان میں سے کسی کو نہیں نوازا۔ یہی بات ایران کو دنیا میں قائدانہ کردار کے لئے ممتاز کرتی ہے۔

ای میل کریں