امام خمینی(رح) نے حقیقی اسلام کو پہچنوایا

مام خمینی(رح) ایک منفرد شخصیت کے مالک تھے اور مسلمانوں کو صحیح راستہ دکھانے کے لئے خداوند کی طرف سے ایک انمول تحفہ تھے

ID: 53929 | Date: 2018/06/02

امام خمینی(رح) نے حقیقی اسلام کو پہچنوایا


حجۃالاسلام والمسلمین مولانا سیداخترحسین جعفری صاحب کا تعلق ھندوستان کی ریاست جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ  سے ہے آپ اس وقت ھندوستان میں ادبیات عرب کے بہترین اساتید میں سے ایک ہیں بہترین استاد ہونے کے ساتھ ساتھ آپ بہترین خطیب بھی ہیں آپ نے اپنی دینی تعلیم کا آغاز مظفر نگر سے کیا تھا اور ایران کے حوزہ علمیہ قم کے فارغ التحصیل ہیں اس وقت آپ حوزہ علمیہ امام خمینی (رح) احمد آباد گجرات میں معلم کی حیثیت سے دینی خدمات انجام دے رے ہیں۔


ہم آپ کے شکر گزار ہیں کے آپ نے اپنا قیمتی وقت ہمیں دیا۔ سب سے پہلے آپ اپنے بارے میں بتائیں؟


السلام علیکم و رحمۃ اللہ: میرا تعلق ایک دینی اور علمی خاندان سے ہے میرے والد مرحوم مولانا سید حسین جعفری (رہ) بھی ایک عالم دین تھے انہوں نے اپنی زندگی میں صوبۂ جموں کی بہت ساری جگہوں پر دینی خدمات کو انجام دیا اور کئی ایسی مقامات ہیں جہاں والد مرحوم نے اپنی شرعی ذمہ داری سمجھتے ہوے نماز جمعہ قائم کیا جو الحمد للہ آج تک جاری ہیں میری اپنی ذاتی اور ہمارے مرحوم والد محترم کی بھی یہ دلی خواہش تھی کہ میں دینی تعلیم حاصل کروں لہذا میں نے اپنی دینی تعلیم کا آغاز مظفر نگر  کے حوزہ علمیہ امام حسین علیہ السلام کیا اس کے بعد پھر حوزہ علمیہ قم میں علم حاصل کرنے کی توفیق ملی اور اس عرصہ میں خداوند کی توفیق شامل حال رہی اور مختلف مدارس میں تدریس کرنے کا شرف بھی حاصل ہوا اور آج الحمدللہ میرے شاگرد خود مجھ سے بہتر استاد ہیں۔


امام خمینی(رح) کی شخصیت کے بارے میں آپ کا کیا نظریہ ہے؟


امام خمینی(رح) ایک منفرد شخصیت کے مالک تھے اور مسلمانوں کو صحیح راستہ دکھانے کے لئے  خداوند کی طرف سے ایک انمول تحفہ تھے اس عظیم الشان شخص نے مسلمانوں کو ایک پہچان دی ورنہ آپ امام خمینی (رح) سے پہلے والے مسلمانوں کا حال دیکھیں اور ان کے بعد جو مسلمان ہیں ان کے حالات بھی ملاحظہ کریں، امام خمینی(رح) سے پہلے لوگ مسلمان تھے لیکن کیا اس دور میں حقیقی اسلام پر عمل کیا گیا ہے۔ امام خمینی(رح) نے اسلام کو مسجدوں سے نکال کر لوگوں کی زندگی میں لے آے۔ اور امام خمینی (رح) ہی تھے جنہوں نے مسلمانوں کو اسلام کی تبلیغ کرنے کی جرات اور طاقت بخشی اور آج اس دور میں مسلمان اپنے مسلمان ہونے پر فخر محسوس کر رہے ہیں ورنہ آپ کے دور سے پہلے لوگ اپنے آپ کو مسلمان بتانے سے ڈرتے تھے اور آج وہی لوگ اسلام کو اپنی طاقت سمجھ رہے ہیں یہ امام خمینی (رح) کی کوششوں کا نتیجہ ہے کے آج ہم نے حقیقی اور اسلام  ناب محمدی کو پہچانا ہے جس کی وجہ سے  ہم حقیقی اسلام اور امریکی اسلام میں فرق محسوس کر سکتے ہیں۔


 امام خمینی (رح) نے مسلمانوں کو ان کی طاقت کا احساس دلانے کے ساتھ ساتھ اسے صحیح استعمال کرنا بھی سکھایا اور آج اسلام ایران کے اسلامی انقلاب کی وجہ سے امام خمینی (رح) کی قیادت میں پوری دنیا میں پھیل چکا ہے۔ امام خمینی (رح) نے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے زمانے کی یاد دلا تھی ایک چھوٹے سے گھر میں زندگی بسر کر کے عالمی سطح پر مسلمانوں کی قیادت کر رہے تھے۔


کیا لوگ امام خمینی (رح) کی شخصیت سے اسلامی انقلاب کی وجہ سے متاثر ہیں؟


امام خمینی (رح) سے پہلے مسلمان گروہوں اور پارٹیوں میں تقسیم ہو چکے تھے لیکن امام خمینی (رح) نے مسلمانوں کو یہ بتایا کے اسلام پارٹیوں یا گروہوں تک محدود نہیں ہے اس پیغام کے ساتھ امام (رہ) نے مسلمانوں کی محدود پارٹیوں کو بین الاقوامی پارٹیوں میں تبدیل کر دیا امام خمینی (رح) نے اسلامی انقلاب کے بغیر بھی اپنے کردار، افکار اور اپنی گفتار سے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائی ہوئی ہے۔ اور اسلامی انقلاب بھی ان اسباب میں سے ایک ہے۔


امام خمینی (رح) نے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یومِ قدس کا نام کیوں دیا؟


اسلامی جمہوریہ ایران نے اسلامی انقلاب کے بعد تمام اسلامی ممالک سے زیادہ فلسطین کی حمایت کی ہے جو کام عرب ممالک کو کرنا چاہیے تھا وہ کام اسلامی جمہوریہ ایران نے کیا یوم قدس بھی فلسطین کی حمایت میں ہے جس کا مقصد پوری دنیا کو فلسطین کی مظلومیت کی طرف متوجہ کرنا ہے آج ہم دیکھ رہے ہیں کے اسلام کے دشمن امریکہ اور اسرائیل کس طرح اسلامی مقدسات کو ختم کرنے میں لگے ہوے ہیں قدس میں امریکہ کا اپنی سفارت منتقل کرنے کا مقصد صرف امت مسلمہ کے مقدسات کو ختم کرنا ہے لیکن انشاء اللہ اس کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ اس سال بھی ہم روز قدس نماز جمعہ کے بعد یہ ثابت کریں گے کے قدس صرف ہمارا ہے۔