امام خمینی(ره) اور رہبر انقلاب اسلامی کے افکار میں اسلامی مذاہب کی تقریب کے زیر عنوان قومی کانفرنس کا انعقاد

اراک عشق اہل بیت(ع) کا دار الحکومت تھا

ID: 46151 | Date: 2016/12/20

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی اور دیگر اداروں کے تعاون سے اراک یونیورسٹی نے امام خمینی اور رہبر انقلاب اسلامی کے افکار میں اسلامی مذاہب کی تقریب کے زیر عنوان پہلی قومی کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں ایران کے علمائے کرام، پروفیسرز نیز غیر ملکی دانشوروں نے شرکت کی۔


یہ کانفرنس جو آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی اور آیت اللہ العظمیٰ نوری ہمدانی کے پیغامات کے ذریعے پیر کے روز ۱۹ دسمبر ۲۰۱۶ کو ایران کے شہر اراک میں شروع ہوئی اس کی افتتاحی تقریب میں اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی اعلی کونسل کے نائب سربراہ آیت اللہ دری نجف آبادی اور مجمع جہانی تقریب مذاہب اسلامی کے سکریٹری جنرل آیت اللہ اراکی نے خطاب کئے۔


آیت اللہ قربان علی دری نجف آبادی نے اراک کے مدرسہ خاتم الانبیاء میں وحدت اسلامی کانفرنس کے مہمانوں کے ساتھ ملاقات میں شہر اراک کی علمی قدامت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: اراک شہر علمی حوالے سے درخشان ماضی کا حامل ہے اس شہر میں بزرگ علماء نے زندگیاں گزاری ہیں۔ شہر اراک کو طول تاریخ میں ’’عراق عجم‘‘ کا دار الحکومت کہا جاتا تھا۔


انہوں نے مزید کہا: اراک عشق اہل بیت(ع) کا دار الحکومت تھا، آیت اللہ حائری یزدی جنہوں نے حوزہ علمیہ قم کی بنیاد رکھی قم میں ہجرت سے پہلے اراک میں رہتے تھے امام خمینی نے بھی چار سال اراک میں آیت اللہ حائری کے پاس علم حاصل کیا۔ آیت اللہ اراکی بھی ۱۲ سال اس شہر میں آیت اللہ حائری کی شاگردی میں رہے۔


اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی اعلی کونسل کے نائب سربراہ نے کہا: آیت اللہ گلپائیگانی، آیت اللہ خوانساری اور دیگر بہت سارے بزرگ علماء اراک میں آیت اللہ حائری کے شاگردوں میں شامل تھے۔


آیت اللہ دری نجف آبادی نے شہر اراک کے حوزہ ہائے علمیہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: اس شہر میں برادران سے مخصوص چار مدرسے پائے جاتے ہیں اور پانچواں مدرسہ خاتم الانبیاء (ص) ہے جو ابھی پائہ تکمیل کو نہیں پہنچا ہے اور یہ مدرسہ تکمیل ہونے کے بعد ایک علمی مرکز میں تبدیل ہو جائے گا۔


آیت اللہ نجف آبادی نے شہر اراک میں خواہران کے مدارس کی تعداد کو تیس بتاتے ہوئے کہا کہ خدا کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس شہر میں اتنے دینی مدرسے قائم ہیں جن میں دینی تعلیم دی جا رہی ہے۔


انہوں نے مزید کہا: حوزہ علمیہ خاتم الانبیاء میں یہ ظرفیت پائی جاتی ہے کہ غیر ایرانی اور اہل سنت کے طلاب کو بھی داخلہ دیا جائے اور یہ تمام چیزیں انقلاب اسلامی کی برکتوں سے ہے۔


اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی اعلی کونسل کے سربراہ نے آخر میں کہا: خداوند عالم کے لطف و کرم سے شہر اراک میں دینی مدارس کے اندر وسعت پیدا ہو رہی ہے اور نسل جوان پورے ذوق و شوق کے ساتھ دینی مدارس میں داخلہ لیتے ہیں اور علوم آل محمد (ص) سے فیضیاب ہوتے ہیں۔