امام(رہ) نے اسلام کا جامع تصور پیش کیا ہے: حجت الاسلام توحیدی

توحیدی: امام خمینی(رح) نے روحانیت، مرجعیت اور دینی قیادت کی ایک بالکل نئی تصویر پیش کی۔

ID: 38890 | Date: 2015/02/10

حجت الاسلام والمسلمین جناب شیخ محمد علی توحیدی مدیر جامعۃ النجف اسکردو جو آج کل ایران کے دورہ پر حاضر اور معصومہ قم میں تشریف فرما ہیں، امام خمینی(رح) اردو پورٹل نے مناسب سمجها کہ موقع سے فائدہ اٹهاتے ہوئے، آپ سے امام خمینی(رح)، انقلاب اسلامی اور اپنے مصروفیات سے متعلق مختصر گفتگو کا فتح باب کرے اور آپ کا سنجیدہ جواب بهی اپنے صارفین کی خدمت میں پیش کیا جائے۔


حجت الاسلام، صنف علمائے دین میں شمولیت حاصل کرنے سے پہلے، پیشاور یونیورسٹی میں قانون میں ڈگری حاصل کئے اور پهر اسلامی جمہوریہ ایران، حوزہ علمیہ قم میں دینی طالبعلم کی حیثیت سے اپنی توانائی اور صلاحیتوں سے بهرپور فائدہ اٹهاتے ہوئے کم عرصہ میں تمام مدارج عالیہ طے کئے۔ جناب توحیدی صاحب نے فارغ التحصیلی کے فوراً بعد، وطن عزیز کی طرف رخ کیا اور زکات علم نبهانے، خدمت دین وخلق کرنے کی غرض سے شمالی علاقہ جات، اسکردو بلتستان میں مستقر ہوئے۔ آپ کے عام مصروفیات میں جامعۃ النجف کے پرنسپل اور استاد، عوامی اجتماعات میں وعظ وخطابت نیــز کتابوں کے تالیف وترجمہ شامل ہے۔


ہمارا اعزازی رپورٹر جناب حجت الاسلام شیخ محمد قاسم رجائی کا ہم مشکور ہیں جو اس گفتگو کا میزبان تهے۔


 


رجائی: براہ کرم اپنا تعارف کیجئے؟


توحیدی: میں محمد علی توحیدی پاکستان کے صوبہ گلگت بلتستان کے ضلع گنگ چهے سے تعلق رکهتا ہوں۔ اس وقت جامعۃ النجف اسکردو بلتستان میں بحیثیت مدیر خدمات انجام دے رہا ہوں اور اسی تعلیمی ادارے میں قائم کرسی امام خمینی کا  چئیر پرسن ہوں اور تحقیقی مجلہ "الحیات" کا بهی مدیر اعلی ہوں۔


 


رجائی: آپ کب اور کیسے امام خمینی(رح) سے آشنا ہوئے؟


توحیدی: چودہ پندرہ سال کی عمر میں، میں نے امام خمینی(رہ) کے بارے میں سنا کہ آپ فقیہ اور مرجع ہونے کے علاوہ اسلامی حکومت کے قیام کے لئے کوشاں مجاہد بهی ہیں اور عظیم سیاسی بصیرت بهی رکهتے ہیں۔ اس کی تائید بعض دانشمندوں نے بهی کی۔ بس پهر کیا تها! میں نے امام کی توضیح المسائل خرید لی اور آپ کا مقلد بن گیا۔ میں نے کالج کی زندگی کے دوران میں ہی امام کا رسالۂ عملیہ کئی بار پڑها اور آپ کے دیگر بیانات و ارشادات خصوصاً سیاسی تعلیمات سے مستفید ہوتا رہا۔


 


رجائی: انقلاب اسلامی کے بارے میں کچه یادیں ہمارے لئے نقل فرمائیے؟


توحیدی: جب انقلابی تحریک زور پکڑ گئی تو اس وقت ہم جامعہ اہل بیت(ع) اسلام آباد کے طالبعلم تهے۔ انقلاب کاپیغام اہل وطن تک پہنچانے کے لئے جامعہ اہل بیت(ع) کے موسس علامہ شیخ محسن علی نجفی کی رہنمائی میں، ہم نے زبردست مہم شروع کی۔ کئی دفعہ انقلاب کی حمایت میں مظاہروں میں بهرپور شرکت کی۔ صــدام کے خلاف اشتہارات تقسیم کرنے پر ایک دفعہ گرفتار ہوکر زندان بهی پہنج گئے۔ علامہ نجفی، انقلاب سے مربوط خبریں سنتے اور نوٹ فرماتے تهے۔ جنہیں ہم سٹینسل مشین سے پرنٹ کر کے اجتماعات میں تقسیم کرتے تهے اور اخبارات کو بهی پہنچاتے تهے۔ یہ ہماری زندگی کے پرشور ایام تهے۔


انقلاب کی ابتدا میں پورے پاکستان کے عوام کے اندر، اس انقلاب کی محبوبیت عام ہوگئی جس سے استعمار کو خطرہ لاحق ہوگیا۔ اس کے بعد، امریکہ اور استعماری طاقتوں نے اربوں ڈالر خرچ کر کے اس انقلاب کو بدنام کرنے کے لئے وسیع پیمانے پر پروپیگنڈوں اور سازشوں کا جال بچهایا۔ انہوں نے امام خمینی(رح)، ایران اور تشیع کے خلاف زبردست تحریک شروع کی اور سادہ لوح مسلمانوں کو دهوکہ دینے میں کافی حد تک کامیاب ہوئے تاکہ دیگر اسلامی معاشروں میں اس قسم کا اسلامی اور جمہوری انقلاب برپا نہ ہو۔


 


 رجائی: حضرت امام(رہ) کے روحانی اور اجتہادی پہلو اور آپ کی مرجعیت کے بارے میں آپ کیا فرمانا پسند کریں گے؟


توحیدی: امام خمینی(رح) نے روحانیت، مرجعیت اور دینی قیادت کی ایک بالکل نئی تصویر پیش کی۔ آپ نے اپنے قول و فعل کے ذریعے عالم اسلام کو بتایا کہ روحانی و دینی قیادت اور مرجعیت یہ نہیں کہ کوئی فقیہ اپنے کمرے میں بیٹه کر صرف طہارت ونجاست اور نماز روزے کے مسائل بیان کرتا رہے بلکہ فقیہ کا کام احکام شرع بتانے کے علاوہ معاشرتی نظام کو بطرز احسن چلانے اور اسلامی نظام حکومت قائم کرکے عالم اسلام اور عالم بشریت کو دنیوی اور اخروی کامیابی و کمال کی منزلوں سے ہمکنار کرنا بهی ہے۔


امام خمینی(رہ) نے ولایت فقیہ کا نظریہ پیش کرکے اور اس نظریے کے تحت کامیاب اسلامی حکومت تشکیل دے کر فقیہ اور مرجع کے حقیقی رول کو پہلی بار واضح انداز میں دنیا کے سامنے رکها۔ یہ وہ عظیم کارنامہ ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔


 


رجائی: آپ اپنی علمی سرگرمیوں خاص کر امام(رہ) کی کتابوں کے تراجم کےحوالے سے کیا فرمائیں گے؟


توحیدی: میں اس بات کو اپنے اوپر اللہ کا بہت بڑا فضل و کرم اور اپنے لئے باعثِ اعزاز سمجهتا ہوں کہ اللہ نے مجهے امام خمینی(رح) کی کئی گرانقدر کتابوں کا اردو میں ترجمہ کرنے کی توفیق سے نوازا۔ ان کتابوں میں " شرح حدیث جنود عقل و جہل / امامت و انسان کامل / تفسیر و شواہد قرآنی دو جلدیں / آئین انقلاب اسلامی / تہذیب نفس / سیر و سلوک و غیرہ شامل ہیں جو مجموعی طور پر قریباً تین ہزار صفحات بنتے ہیں۔


موسسہ تنظیم و نشر آثار امام خمینی(رہ) نے ان کتابوں کو شائع کیا ہے۔ ان کتابوں کا ترجمہ نہ صرف ایک علمی خدمت ثابت ہوا بلکہ ان کے ترجمے کے دوران عملی طورپر، امام خمینی(رہ) سے فکری و روحانی فیض بهی حاصل کرتا رہا۔


امام(رہ) کی یہ کتابیں ان کے عرفانی، فلسفی، اجتہادی، سیاسی اور اخلاقی کمالات کے آئینہ دار ہیں۔


امام خمینی(رح) کی کتابوں کے علاوہ میں نے رہبر معظم انقلاب (حفظہ اللہ) کی تین کتابوں کا ترجمہ بهی انجام دیا ہے۔


17 سال پہلے گلگت بلتستان کے شہر اسکردو میں، ہم نے علمی تربیت گاہ جامعۃ النجف کی بنیاد ڈالی جس کے فارغ التحصیل طلبا قم، مشہد اور نجف اشرف میں دینی علوم کے اعلی مدارج طے کر رہے ہیں جبکہ ایک گروہ مختلف یونیورسٹیوں سے ایم فل اور پی ایچ ڈی کر رہے ہیں۔ جامعۃ النجف کے دو فارغ التحصیل طلبا امسال پی ایچ ڈی کر چکے ہیں۔


 


رجائی: جامعۃ النجف میں آپ نے ایک تحقیقی شعبہ "کرسی امام خمینی(رح)" کے نام سے قائم کیا ہے۔ اس کے بارے میں وضاحت کیجئے۔


توحیدی: جی ہاں! جامعۃ النجف میں، ہم نے ایک تحقیقی ادارہ "کرسی امام خمینی(رہ)" کے نام سے قائم کیا ہے جو مختلف تحقیقی کاموں میں مصروف ہے۔ کرسی امام خمینی(رہ) کی جانب سے اب تک ولایت فقیہ، انقلاب اسلامی اور امام خمینی(رح) کی شخصیت کے بارے میں کئی سیمینارز ہو چکے ہیں، نیــز امام(رہ) کی شخصیت کے بارے میں ایک تحقیقی کتاب بهی عنقریب تیار ہو رہی ہے، انشاء اللہ۔


 


رجائی: آخر میں کوئی پیغام ہو تو بتائیے؟


توحیدی: آج، دنیا اسلام کے بارے میں ایک جامع اور کامل نظریے سے آشنائی کے لئے بے چین ہے جسے ہم امام خمینی(رح) کے نظریات کی صورت میں پیش کر سکتے ہیں جو تمام مسلمانوں کے لئے قابل قبول ہیں۔ امام(رہ) نے اسلام کا جامع تصور پیش کیا ہے جو اسلام کی تمام جہات کو شامل ہیں۔


دوسرا پیغام یہ ہے کہ امام خمینی(رح) کے مشن کو زندہ رکهنے اور فروغ دینے کے لیے آپ کے افکار سے سیراب و پرورش یافتہ شخصیات، پیدا کرنے کی ضرورت ہے جبکہ ہم اس جانب سے بے توجہی برت رہے ہیں، ہوسکتا ہے کہ آنے والے ایام میں اس کوتاہی کے سبب نادم وخسران میں مبتلا ہوکر رہ جائیں!


رجائی: مولانا توحیدی صاحب ہم بحیثیت امام خمینی(رح) اردو پورٹل کے، آپ کے تعاون اور مفید گفتگو کی خاطر بہت مشکور ہیں۔ خدا آپ کے توفیقات میں مزید اضافہ فرمائے۔ شکریہ


 


والسلام علیکم ورحمۃ اللہ