کتاب "قیام عاشورا در کلام و پیام امام خمینی(ره)" [امام خمینی (رہ) کے کلام و پیغام میں قیام عاشورا کا تصور] کا روسی ترجمہ چهپ کر منظر عام پر آگیا۔
ابنــا رپورٹ کے مطابق عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی کے شورائے کتاب کے سیکریٹری حجت الاسلام عباس جعفری نے "امام خمینی(رہ) کے کلام و پیغام میں قیام عاشورا کا تصور" کے تحت لکهی گئی کتاب کے روسی زبان میں ترجمے و اشاعت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا:
یہ کتاب ایک ایسی عظیم شخصیت کے اقوال پر مشتمل ہے جس نے ہمیشہ سید و سالار شہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کی پیروی کی اور اپنے آپ کو بهی اسوہ کاملہ کے سانچے میں ڈهالا۔ وہ انسان جس نے ظلم و ستم کی کالی رات میں شہادت کی مشعل فروزاں تهامی، ظلمت ستم کے خلاف قیام اور بغاوت کا پرچم بلند کیا، حسینی شیعوں کے ہراول دستوں کی رہنمائی کرنے والوں کے پاکیزہ دامن سے ننگ اور سکوت کا داغ دهو لیا، ایک بار پهر لوہے اور فولاد کی حاکمیت کے دور میں ضعیفوں اور روئے زمین کے پا برہنہ انسانوں کو "احدی الحسنیین اور تلوار پر خون کی فتح" کا نعرہ سکهایا اور پهر کئی نسلوں تک عاشورا کی محبت اور کربلا کے خونبار حادثے کو آنسوؤں، خون اور سچائی کے ذریعے اپنے سینوں میں محفوظ رکهنے کے بعد آخر کار اس عظیم ہستی کو یہ کامیابی نصیب ہوگئی کہ وہ سید الشہداء علیہ السلام کی عزاداری کی زنجیروں کا بوجه اٹهانے والے اپنے مضبوط ہاتهوں سے اپنے دور کی یزیدی حکومت یعنی منحوس پہلوی سلسلے کو جڑ سے اکهاڑ پهینک دے اور یوں اس نے پہلی بار اسلامی جمہوری حکومت کی داغ بیل ڈالی۔
انہوں نےمزید کہا:
اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت آیت اللہ العظمی امام خمینی(رہ) کے قابل قدر اقوال کو اکهٹا کرنا اور انہیں منظم طریقے سے ترتیب دے کر اہل ذوق اور حقیقت کے متلاشی لوگوں خاص طور پر نوجوان طبقے تک پہنچانا ایک ضروری امر ہے جس کی زحمت پہلے ہی موسسہ تنظیم و نشر آثار امام خمینی (رہ) نے اٹها رکهی ہے۔
کتاب کے اہم ترین عنوانات: محرم تلوار پر خون کی فتح کا مہینہ؛ قیام عاشورا کے اسباب و عوامل؛ قیام عاشورا کے اہداف؛ شہدائے کربلا کا آگاہانہ انتخاب؛ حضرت ابا عبداللہ الحسین علیہ السلام کے قیام کے نتائج اور اثرات؛ قیام عاشورا؛ ہر زمانے اور ہر دیار میں آزاد بندوں کے لئے نمونہ؛ عزاداری اور روضہ خوانی کا فلسفہ؛ اسلام اور سید الشہداء علیہ السلام کے مکتب کے احیاء میں عزاداری کا کردار اور اہمیت؛ قوم اور ملک کے تحفظ میں عزاداری کا کردار؛ قیام عاشورا کا احترام کرنا الہی رسومات میں شامل ہے؛ خطباء، نوحہ خوانوں اور عزاداروں کو ایک وصیت؛ محرم اور کربلا کے قیام کے بارے میں امام خمینی (رہ) کے منتخب ارشادات ہیں۔
آخر میں حجت الاسلام جعفری نے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا: اس کتاب کا روسی ترجمہ اور نشر و اشاعت موسسہ تنظیم و نشر و آثار امام خمینی(رہ) کے شعبہ ترجمہ اور عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی کے شعبہ تعاون برائے بین الاقوامی امور کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہوئی ہے۔
شائقین اس کتاب کے برقی متن اور ادارے کے دیگر منشورات کے حصول کے لئے www.ahlulbaytportal.com سے رجوع کرسکتے ہیں۔