حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نجف اشرف کے امام جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین سید صدرالدین قبانچی نے خطبہ نماز جمعہ میں کہا: انسان کو شعور و محبت کی ضرورت ہے، اور ماہ محرم میں عزاداری امام حسین علیہ السلام سے ہی اس شعور میں اضافہ ہوتا ہے۔
انہوں نے عزاداری امام حسین علیہ السلام کے حوالے سے تاکید کرتے ہوئے کہا: تمام انجمنوں اور امام بارگاہوں کے ذمہ داروں اور خطبائے کرام سے گزارش ہے کہ منبروں سے امام حسین علیہ السلام کی زندگی کے اخلاقی پہلو اور شہدائے کربلا کے مصائب بیان ہوں تا کہ لوگوں کے شعور جاگ جائیں اور ان کے علم میں اضافہ ہو۔
حجۃ الاسلام قبانچی نے اپنے خطبات کے ایک اور حصے میں کہا: عراق اور ایران دونوں حکومتوں نے ایران سے گیس کی درآمد کے مسئلے کو تیل کے ساتھ تبادلہ کرکے حل کرنے کا جو کام کیا ہے، وہ قابل تعریف ہے۔
عزاداری امام حسین (ع) کو پہلے سے کہیں زیادہ جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے: امام جمعہ بحرین
بحرین میں واقع شہرمنامہ کے امام جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین علی صددی نے اس شہر میں نماز جمعہ کے خطبوں کے دوران عشرہ محرم کی عظمت اور مرتبے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: لوگوں کو چاہئے کہ اس سال عزاداری امام حسین علیہ السلام میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں تا کہ مظلوم کربلا ؑ کی عزاداری اس برس پہلے سے کہیں زیادہ جوش و خروش کے ساتھ منایاجا سکے۔
انہوں نے کہا: مجالس عزا کے دوران تمام عزاخانے لوگوں سے بھرے ہونے چاہئے، کیوں کہ عشرہ محرم ایمان کا دروازہ ہے، بیداری پیدا کرنے والا ادارہ ہے، بصیرت کا مرکز ہے، ہدایت کی علامت ہے، مشعل راہ ہے، مقام رحمت ہے، اصلاحی مرکز ہے، جوش و جذبے کی جگہ ہے، عقل و شعور کی نشست ہے، دسترخوان رحمت و برکت ہے اور منبع طہارت ہے۔