تمام مسلمان عید کا دن فلسطینی عوام سے یومِ یکجہتی کے طور پر منائیں، علامہ امین شہیدی
اسلام ٹائمز۔ امتِ واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی نے تمام عالمِ اسلام کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی ہے۔ عید کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں علامہ امین شہیدی نے کہا کہ تمام علماء کرام عید کے خطبات میں فلسطینی برادران کو خراج عقیدت پیش کریں، جو اس وقت اسرائیل کی نابودی کے لئے تن تنہاء میدان میں لڑ رہے ہیں۔ عوام، اسرائیل کی فلسطینی علاقوں پر بمباری اور کھلم کھلا انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے خلاف ہم آواز ہوکر احتجاج کریں اور آج کا دن فلسطینی عوام سے یومِ یکجہتی کے طور پر منائیں۔ انہوں نے مقبوضہ فلسطین میں اسرائیل کی جارحیت اور مسلمان ممالک کی بےحسی پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت اسرائیل کی غزہ پر بمباری کے نتیجہ میں درجنوں فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہوچکے ہیں، لیکن اسلامی ممالک کے سربراہان نے اب تک صرف مذمتی بیان جاری کیے ہیں۔
مذمت کمزور لوگوں کی زبان پر جاری ہونے والے وہ گھٹیا الفاظ ہیں، جن سے دشمن کو ڈھارس ملتی ہے کہ مسلمان ممالک زبانی جمع خرچ سے زیادہ کچھ نہیں کرسکتے۔ اِس وقت مذمت کا مطلب مغرب کا پوری دنیا کے بدمعاش ممالک کو اکٹھا کرنے کے بعد فلسطین پر مسلط کرنا اور مسلم دنیا کا تماشہ دیکھنا ہے۔ اسلامی ممالک مغربی دنیا اور امریکہ کے زیرتسلط ہیں۔ ان کے لئے صرف یہ بات اہم ہے کہ مغرب اور امریکہ کس چیز کو انسانی حقوق کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اسرائیلی فورسز کا فلسطینی خاتون کی گردن پر گھٹنہ ٹیکنا 57 اسلامی ممالک کے لئے پیغام تھا کہ مسلم امہ کی ان کے نزدیک کوئی حیثیت نہیں ہے۔ علامہ امین شہیدی نے اس مشکل ترین وقت میں فلسطین کے لئے ایران کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے اسلحہ فراہم کرکے فلسطینی مقاومت کو استحکام بخشاہے اور شیعہ سنی وحدت کی بہترین مثال قائم کی ہے۔
ایرانی اسلحہ سے حماس نے اسرائیل کی ناک میں دم کر دیا ہے اور نتین یاہو مسلسل پریشان ہے۔ اگرشیعہ سنی میں حقیقی اتحاد قائم ہو جائے تو اسرائیل سمیت عالمِ کفر و شرک نابود ہو جائے۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ، اسرائیل، ان کے غلام مسلمان حکمران اور شکم پرست مولوی، شیعہ سنی کو باہم لڑانے میں مصروف ہیں۔ علامہ امین شہیدی نے تمام اہلِ درد و اہلِ قلم کو تاکید کی کہ وہ زبان و قلم اور برقی و سماجی میڈیا کے ذریعے فلسطینی عوام کی آواز بنیں اور اسرائیل کے جنگی جرائم اور بربریت کو دنیا پر آشکار کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کی خوشحالی اور کشمیر، افغانستان اور دیگر مسلم ممالک کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خاتمہ کے لئے دعاگو ہیں اور عوام الناس سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فلسطینی مسلمانوں کی حمایت میں پرامن احتجاج جاری رکھیں۔