فضیلت ماہ شعبان روایات کی روشنی میںِ

فضیلت ماہ شعبان روایات کی روشنی میںِ

ماہ شعبان خداوند متعال کی طرف سے انسان کے لئے وہ مہینہ ہے جس کی عظمت و فضیلت کے بارے میں معصومین علیهم السلام سے مفصل احادیث وارد ہوئی ہیں

فضیلت ماہ شعبان روایات کی روشنی میںِ

تحریر: ساجد محمود

ماہ شعبان خداوند متعال کی طرف سے انسان کے لئے وہ مہینہ ہے جس کی عظمت و فضیلت کے بارے میں معصومین علیهم السلام سے مفصل احادیث وارد ہوئی ہیں۔ اس مہینہ کی عظمت و فضیلت ایک تو اس عنوان سے ہے کہ اس مہینے میں آسمان ولایت و امامت کی ستاروں کی آمد ہے۔

رسولخدا صلی الله علیه و آله و سلم  نے فرمایا، "رجب شھراللہ و شعبان شهری و رمضان شھر امتی" رجب خدا کا مہینہ ہے اور شعبان میرا مہینہ ہے اور رمضان میری امت کا مہینہ ہے۔ (وسائل الشیعه ج. ۱۰.ص۴۸۰) ایک اور جگہ پر ارشاد فرمایا، "شعبان شعری رحم اللہ من اعانتی علیه شعبان" میرا مہینہ ہے خدا رحم کرے اس پر جو اس مہینے پر میری مدد کرے۔ (وسایل الشیعہ. ج١٠. ص٤٨٠) ایک اور حدیث میں ارشاد فرمایا کہ ماہ شعبان وہ مہینہ ہے جس میں لوگوں کے اعمال اوپر جاتے ہیں لیکن لوگ اس سے غافل ہیں۔ (وسائل الشیعه. ص٥٠٢)۔ امیرالمومنین علی علیہ السلام نے فرمایا، شعبان شھر رسول اللہ"۔ کہ شعبان کا مہینہ رسول اللہ کا مہینہ ہے۔ (وسائل الشیعه. ص٤٩٣.)

امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا، "أَنَّهُ مَنْ صَامَ ثَلاَثَةَ أَيَّامٍ مِنْ شَعْبَانَ وَجَبَتْ لَهُ اَلْجَنَّةُ وَ كَانَ رَسُولُ اَللَّهِ صَلَّى اَللَّهُ عَلَيْهِ وَ آلِهِ وَ سَلَّمَ شَفِيعَهُ فِي اَلْقِيَامَةِ" جو ماہ شعبان کے تین روزے رکھے گا اس پر جنت واجب ہو جائے گی اور قیامت والے دن رسول خدا اس کے شفیع ہوں گے۔ (زادالمعاد. ج ١.ص٤٥) ایک روایت میں امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا کہ جب شعبان کا مہینہ آتا تو میرے والد بزرگوار امام سجاد علیہ السلام لوگوں کو جمع کر کے پوچھتے تھے کہ لوگو جانتے ہو یہ کونسا مہینہ ہے؟ لوگو یہ شعبان کا مہینہ ہے اور میرے جد رسول اللہ نے فرمایا کہ شعبان میرا مہینہ ہے بس اس مہینے میں روزہ رکھو پیامبر خدا سے محبت و دوستی کی خاطر اور خدا کا تقرب حاصل کرنے کے لئے۔ مجھے قسم ہے اس خدا کی کہ جس کے قبضہ قدرت میں زین العابدین کی جان ہے میں نے اپنے والد گرامی امام حسین علیہ السلام سے سنا ہے اور انہوں نے اپنے والد گرامی امیرالمومنین علی بن ابیطالب سلام اللہ علیھما سے سنا ہے کہ انہوں نے فرمایا جو بھی شعبان کے مہینے میں پیامبر خدا سے محبت کی خاطر اور خدا کے قریب ہونے کی خاطر روزہ رکھے خدا اسکو دوست رکھے گا اور روز قیامت اسے اپنی کرامت و بزرگواری کے قریب کرے گا اور جنت اس پر واجب کر دے گا۔

ای میل کریں