مولانا نقوی: پردے کا حکم امام خمینی یا امام خامنہ ای کیطرف سے نہیں ہے بلکہ اللہ کی طرف سے ہے۔
لکھنؤ سے ملنے والی رپورٹ کے مطابق، ایران میں حالیہ دنوں میں رونما ہونے والے واقعات پر لکھنؤ کی شاہی آصفی مسجد کے امام جمعہ مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہا ہےکہ ایران میں جو واقعات رونما ہوئے ہیں اس کو استعماری اور اسلام دشمن طاقتیں غلط طریقہ سے پیش کر رہی ہیں۔
امام جمعہ کا کہنا تھا کہ چھوٹے چھوٹے واقعات کو اسلام دشمن میڈیا ایسے ہائیلائٹ کر رہا ہےکہ جیسے ایرانی عوام وہاں کی حکومت کےخلاف مظاہرے کر رہی ہو جبکہ حقیقت یہ ہےکہ چند چھوٹے چھوٹے مظاہرے مہنگائی کےخلاف ہوئے ہیں جس کے پیچھے امریکہ اور اسرائیل جیسی طاقتیں ہیں۔
مولانا نے مزید کہا: مظاہرے میں ایک عورت کے برقعہ اتارنے کے ویڈیو کو اسلام دشمن میڈیا جس طرح ہائیلائٹ کر رہا ہے اس سے صاف ظاہر ہوتا ہےکہ میڈیا کے مقاصد کیا ہیں۔ مہنگائی کے خلاف ہو رہے مظاہرے میں برقعہ اتارنے کے ویڈیو کو اس قدر ہائیلائٹ کرنا کیا واضح کرتا ہے؟
سید حیدر عباس رضوی کی اس رپورٹ کے مطابق، مولانا نے کہا کہ پردے کا حکم امام خمینی یا امام خامنہ ای کیطرف سے نہیں ہے بلکہ اللہ کی طرف سے ہے۔
مولانا سید کلب جواد نے کہا کہ حدیث میں آیا ہےکہ اہل قم میں ایک مرد ہوگا جو لوگوں کو حق کی طرف بلائےگا جس کے گرد ایسے لوگ جمع ہونگے جو فولاد سے زیادہ طاقتور ہوں گے؛ علماء نے اس بات پر اتفاق کیا ہےکہ اس مرد سے مراد امام خمینی کی ذات ہے۔
مولانا نے مزید کہا کہ جب کبھی بھی ایرانی حکومت کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی ہے تو وہ اس سے زیادہ طاقتور بن کر ابھری ہیں۔