دس روزہ عشرہ فجر کی مناسبت سے روایتی ایرانی لوک موسیقی فیسٹول کا اسلام آباد میں انعقاد
اسلام آباد میں انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی کی 38ویں سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ آرٹ اور کلچر کے شعبوں میں تعلقات کو بڑھایا جائےگا، جلد پاک ایران عوام ایک دوسرے کے ممالک کی فلمیں دیکھ سکیں گے۔ ایران اور پاکستان مشترکہ ثقافتی، مذہبی اور معاشرتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔
اسلام ٹائمز کے مطابق، انقلاب اسلامی ایران کی پرشکوہ کامیابی کی 38ویں سالگرہ اور ایران کے قومی دن کی دس روزہ تقریبات کے آغاز پر پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس اور وزارت اطلاعات و نشریات حکومت پاکستان کے اشتراک سے "روایتی ایرانی لوک موسیقی فیسٹول" کا اسلام آباد میں انعقاد کیا گیا۔
حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ بانی انقلاب اسلامی پیرس سے اپنے وطن واپس تشریف لائے تھے اور انقلاب اسلامی ایران 22 بہمن کو کامیاب ہو گیا تھا لہٰذا اس سلسلے میں ہر سال اسلام آباد میں دس روزہ عشرہ فجر تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ یہ فیسٹول بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
فیسٹول کی افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگ زیب مہمان خصوصی تھیں۔
اس موقع پر سفیر اسلامی جمہوریہ ایران مہدی ہنر دوست اور آقائے شہاب الدین دارایی کلچرل قونصلر سفارت اسلامی جمہوریہ ایران اور سید جمال شاہ ڈی جی پی این سی اے نے بھی خطاب کیا۔
ثقافتی قونصلیٹ شہاب الدین دارائی کا کہنا تھا کہ ایران کے قومی دن کے موقع پر بانی انقلاب امام خمینی رضوان اللہ علیہ، مقام معظم رہبری سید علی خامنہ ای اور شہدائے انقلاب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جن کی انتھک کوششوں سے شجر اسلام کی آبیاری اور کرپٹ، ڈکٹیٹر رژیم کا خاتمہ ممکن ہوا۔ گزشتہ چار دہائیوں کے دوران ایران نے سختیوں، پابندیوں اور جارح طاقتوں کے ظلم کے باوجود ترقی اور کامیابی کا سفر جاری و ساری رکھا اور آج ایران پوری دنیا میں ایک اہم سیاسی، ثقافتی اور سائنسی طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے۔
ڈائریکٹر پی این سی اے سید جمال شاہ نے اس موقع پر کہا کہ آرٹ اور کلچر لوگوں کو قریب لانے کی طاقت رکھتے ہیں۔ ایران نے اس شعبے میں بےمثال ترقی کی، دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ دونوں ممالک سینما، ویژیول آرٹ اور کلچر کے شعبوں میں ایک دوسرے سے بھرپور تعاون کےلئے تیار ہیں۔