فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اور تحریک جوان پاکستان کے زیر اہتمام اسلام آباد میں گول میز کانفرنس بعنوان "یا قدس! ہم آ رہے ہیں" کا انعقاد
امام خمینی[رح] کی درخواست:" جمعۃ الوداع "عالمی یوم قدس" منایا جائے" پر لبیک کہتے ہوئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اور تحریک جوان پاکستان کے زیر اہتمام اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں مظلوم فلسطینیوں کی حمایت اور قبلہ اوّل کی بازیابی کےلئے منعقدہ گول میز کانفرنس بعنوان "یا قدس! ہم آ رہے ہیں" سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما سینیٹر ظفر علی شاہ، تحریک جوان پاکستان کے مرکزی چیئرمین محمد عبد اللہ گل، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما مولانا احمد اقبال، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما میر واعظ اور دیگر حضرات نے خطاب کرتے ہوئے کہا:
مسئلہ فلسطین دنیائے اسلام کے مسائل میں سب سے اہم مسئلہ ہے اور ہم پاکستان کے عوام سے پر زور اپیل کرتے ہیں کہ وہ جمعۃ الوداع "یوم القدس" کے اجتماعات اور مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے قبلہ اوّل، بیت المقدس کی بازیابی کی عالمی تحریک کا حصہ بنیں۔
گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان رمضان المبارک کے آخری جمعہ، جمعۃ الوداع کو قبلہ اوّل کی بازیابی کے عنوان سے سرکاری سطح پر "یوم القدس" قرار دے کر مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں تقریبات کا انعقاد یقینی بنائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پورا عالم اسلام بشمول فلسطین، لبنان، شام، عراق، لیبیا، یمن، سوڈان، نائیجیریا اور بالخصوص پاکستان، غاصب صیہونی ریاست اسرائیل اور عالمی صیہونزم کی سازشوں کے شکنجہ میں ہے؛ تاہم ضرورت اس امر کی ہےکہ مسلم دنیا کو القدس کی طرف پلٹایا جائے کیونکہ قبلہ اوّل کی صیہونزم سے بازیابی در اصل پوری مسلم امہ کے مسائل کا حل ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا احمد اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری اسرائیل کی بربریت اور قتل و غارت گری پر خاموش تماشائی بن کر بیٹھی ہے جو تمام مہذب قوموں کےلیے لمحہ فکریہ ہے۔
جمعۃ الوداع "عالمی یوم القدس" کی مناسبت سے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی جاری مہم "یا قدس! ہم آ رہے ہیں" کے عنوان سے کراچی ایم اے جناح روڈ پر دو روزہ تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا: