امام خمینی کی ربع صدی پرانی پیشنگوئی سچ ثابت ہو رہی ہے، حامد موسوی

امام خمینی کی ربع صدی پرانی پیشنگوئی سچ ثابت ہو رہی ہے، حامد موسوی

اس عظیم ہستی کے پیغامات و فرمودات دنیائے مظلومیت و محرومیت کیلئے آج بھی سبق آموز ہیں

اسلام آباد، قائدملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہاہے کہ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید روح اللہ موسوی الخمینی کی رحلت سے دنیا ایک ایسے جری ،بہادر اور حریت پسند تاریخ ساز روحانی پیشواء سے محروم ہو گئی ہے۔ اس عظیم ہستی کے پیغامات و فرمودات دنیائے مظلومیت و محرومیت کیلئے آج بھی سبق آموز ہیں ،جن کا راستہ امت مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی ،آزادی و حریت کا راستہ ہے۔یہ بات انہوںنے انقلاب اسلامی کے بانی حضرت امام خمینی کی 26ویں برسی کے موقع پر خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انھوں نے کہا کہ امام خمینی نے ربع صدی پہلے جو پیشنگوئی کی تھی وہ آج سچ ثابت ہو رہی ہے کیونکہ ہر مسلم ریاست استکبار و استعمار کا نشانہ ہے جن کے ہاتھ مسلمانوں کے گریبانوں حتیٰ کہ ہماری شہ رگ حرمین تک پہنچ چکے ہیں ،اسی بنا پر عالمی شیطان آئے دن حضور اکرم ؐ ،اہلبیت اطہار ؑ اور پاکیزہ صحابہ کبارؓ کی شان میں گستاخیوں کو وطیرہ بنائے ہوئے ہیں وہ بیت اللہ او ر مسجد نبویؐ کی ہتک سے بھی گریز نہیں کرتے ، امام خمینی جانتے تھے کہ جس طرح عراق کو ایران سے لڑوایا گیا پھر عراق کو کویت میں گھسایا گیا اسی طرح تمام مسلم ممالک کو ایکدوسرے سے نبرد آزما کیا جائیگا،گلے کٹوائے جائینگے، خون بہائیں گے اور استعمار کیلئے استعمال ہونگے ۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے واضح کیا کہ اس خطے میں ہنود اور مشرق وسطیٰ میں یہود کو غلبہ دلانے کیلئے سازشوں کے مزید جال بنے جا رہے ہیں ،آج اسلام اور نظام دونوں کو مسلمانوں کے اتحاد کی اشد ضرورت ہے ،امریکہ کا مقصد یہ ہے کہ عربوں کو ذلت آمیز سازش کے ذریعے صیہونی حکومت کیطرف کھینچ کر لائے ،شیطانی مقاصد کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ہر مرحلے میں عظیم ملت اسلامیہ کے بعض حصوں پر حملہ کر ڈالے ،مسلمان ذہن نشین رکھیں کہ امریکہ کا اصل مقصداسلام کی نابودی ہے

ای میل کریں