امام حسن مجتبی (ع)

ID: 61352 | Date: 2019/10/28

امام حسن مجتبی (ع)


حضرت امام حسن (ع) شیعوں کے دوسرے امام، رسولخدا (ص) کے بڑے نواسہ اور چھوٹے معصوم تھے۔ آپ حضرت علی (ع) اور حضرت فاطمہ زہراء (س) کے بڑے بیٹے ہیں۔ آپ سن 3/ ھ ق ماہ مبارک رمضان کی 15/ ویں تاریخ کو پیدا ہوئے۔ آپ کی پیدائش سے خاندان عصمت و طہارت اور مرکز وحی و کرامت میں سرور و شادمانی کا ماحول قائم ہوا۔ رسولخدا (ص) اور اہلبیت (ع) شاد و مسرور ہوئے۔


شیعہ اور اہلسنت کی روایت کی روشنی میں امام حسن (ع) رسولخدا (ص) سے سب سے زیادہ مشابہ شخص تھے۔ آپ رفتار و گفتار اور سیرت و کردار میں سب سے زیادہ رسولخدا (ص) سے مشابہ تھے۔


امام حسن (ع) نے اپنے والد گرامی حضرت علی (ع) کی شہادت کے بعد آنحضرت کے اصحاب و انصار اور کوفہ والوں کی درخواست، اصرار اور بیعت کی وجہ سے خلافت قبول فرمائی اور اپنے والد کی عدالت پرور راہ و روش کو جاری رکھا۔ لیکن معاویہ کی فتنہ انگیزوں اور اس کے سفاک افراد کی شرارتوں اور امام علیہ السلام کے لشکر کی غداریوں اور منافقت، لوگوں کے دو دھڑے میں تقسیم ہونے اور جنگ و جدال سے خستہ ہونے کے بہانہ کی وجہ سے آپ اسلام کی حفاظت کی خاطر معاویہ سے صلح کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں اور عارضی طور پر شرط کے ساتھ حکومت معاویہ کے حوالہ کردیتے ہیں۔