داعش کیخلاف پاک، ایران، چین اور روس کے خفیہ اداروں کا اتحاد

اجلاس میں شام اور عراق سے داعش کے دہشت گردوں کی افغانستان آمد روکنے کے لیے تجاویز پر بھی غور کیا گیا

ID: 54753 | Date: 2018/07/23

شیعہ نیوز؛ افغانستان سے داعش کے خاتمے کے لیے پاکستان، ایران، روس اور چین نے مل کر کوششیں کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں چاروں ممالک کے انٹیلی جنس اداروں کے سربراہوں کا مشترکہ اجلاس پاکستان میں ہوا جس میں انسدادِ دہشت گردی میں تعاون کے حوالے سے بات چیت کی گئی اور افغانستان کی صورتحال کا بھی خصوصی جائزہ لیا گیا۔


اجلاس میں ایران نے دہشت گرد گروہ داعش کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر تحفظات کا اظہار کیا۔ اجلاس میں تمام شرکاء نے مل کر دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف اقدامات کرنے کے لیے تعاون پر اتفاق کیا اور واضح کیا کہ چاروں ممالک میں تعاون کسی دوسرے ملک کے خلاف نہیں ہے ۔ اجلاس میں شام اور عراق سے داعش کے دہشت گردوں کی افغانستان آمد روکنے کے لیے تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔


روسی خفیہ ایجنسی کی معلومات کے مطابق داعش کے 10 ہزار دہشت گرد افغانستان کے 9 صوبوں میں سرگرم ہیں۔ جن علاقوں میں افغان حکومت کا کنٹرول نہیں ہے وہاں دہشت گردوں کی مضبوط اور محفوظ پناہ گاہیں ہیں تاہم افغان حکام کا کہنا ہے کہ داعش کے دہشت گردوں کی کل تعداد 2 ہزار سے زیادہ نہیں ہے۔