افغانستان میں قیام امن و استحکام کیلئے تعاون پر تیار ہیں

ایرانی فوجی عہدیدار

ID: 52573 | Date: 2018/03/13

امام خمینی (رح) کے احکامات کے مطابق ایران کی جانب سے تمام حالات میں مظلوم افغان قوم کی حمایت کا سلسلہ جاری رہتا ہے


ایرانی مسلح افواج کے نائب سربراہ برائے بین الاقوامی امور نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران افغانستان میں قیام امن و استحکام کے لئے کابل حکومت کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے۔


ان خیالات کا اظہار بریگیڈیر 'محمد احدی' نے بدھ کے روز ایران کے دورے پر آئے ہوئے افغانستان کے نائب وزیر دفاع برائے سیاسی اور اسٹریٹجک امور 'احمد تمیم' کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔


اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ ہم افغانستان کی قومی اتحاد حکومت کے ساتھ ملک میں پائیدار امن و استحکام کے قیام پر تعاون کے لئے آمادہ ہیں۔


انہوں نے کہا کہ ایران دہشتگردی سے نمٹنے میں اچھے تجربات کا حامل ہے لہذا افغانستان میں انسداد دہشتگردی کے لئے ہم ان تجربات کو اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ تبادلہ کرسکتے ہیں۔


اعلی ایرانی فوجی عہدیدار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران یقینا افغان حکومت کی قیادت میں امن عمل کی حمایت کرے گا۔


انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے ہمسایہ اور برادر ملک افغانستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ کو بڑی اہمیت دیتے ہیں۔ بانی عظیم انقلاب حضرت امام خمینی (رح) اور قائد انقلاب حضرت آیت اللہ خامنہ ای کے احکامات کے مطابق ایران کی جانب سے تمام حالات میں مظلوم افغان قوم کی حمایت کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔


بریگیڈیر محمد احدی نے مزید کہا کہ جو لوگ شام اور عراق میں داعش کی تشکیل اور اس کی پشت پناہی میں ملوث رہے ہیں آج وہ انھی درندہ عناصر کو افغانستان منتقل کررہے ہیں لہذا ہمیں جاننا ہوگا کہ داعش کی افغانستان میں موجودگی سے سیکورٹی صورتحال مزید پیچیدہ ہوگی۔


انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو افغانستان میں داعش کی موجودگی پر گہری تشویش ہے۔


اس ملاقات میں نائب افغان وزیر دفاع نے کہا کہ ان کا ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے۔


احمد تمیم نے ایران اور افغانستان کے درمیان تعلقات کو مزید فروغٖ دینے کے لئے مشترکہ سیکورٹی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا۔