میلاد روح اللہ عیسی (ع)

میلاد روح اللہ عیسی (ع)

اســلام، جناب عیسی مسیح علیہ السلام کا خاص احترام کرتا ہے اور انہیں عظیم پیغمبر خدا مانا ہے۔ صحیفہ امام، ج‏5، ص: 175

بسم اللہ الرحمن الرحیم

خدائے بزرگ و برتر کا درود و سلام ہو اس عظیم الشان پیغمبر حضرت عیسی ابن مریم روح اللہ پر کہ جنہوں  نے مردوں کو زندہ اور سوئے ہوئے لوگوں کو بیدار کیا ! اور خدائے متعال کا سلام ہو ان کی عظیم الشان ماں مریم عذرا و صدیقہ حورا پر کہ جنہوں نے نفخہ الٰہی کے ذریعے ایسے عظیم المرتبت بیٹے کو رحمت الٰہی کے طلب گاروں کے حوالے کیا ! درود ہو ان علماء ، احبار اور رہبانوں پر جو حضرت عیسیٰ مسیح  ؑکی تعلیمات کے ذریعے اپنے سرکش نفس کو سکون کی جانب بلاتے ہیں! درود ہو ان حریت پسند عیسائیوں پر جو عیسیٰ روح اللہ کی آسمانی تعلیمات سے بہرہ مند ہیں!

میں، ایران کی مظلوم قوم کے نام پر آپ عیسائی قوم سے درخواست کرتا ہوں کہ اپنے مقدس ایام کے دوران ، ظالم بادشاہ کے چنگل میں گرفتار ہماری قوم کے لئے دعا کریں اور خدائے متعال سے ان کی کشادگی کی درخواست کریں۔ میں آپ کی عظیم قوم سے گزارش کرتا ہوں کہ بعض عیسائی ممالک کے ان سربراہوں کوخبردار کریں اور انہیں حضرت مسیح علیہ السلام کی تعلیمات سے آگاہ کریں جو اپنی شیطانی طاقت کے ذریعے ظالم و ستمگر شاہ کی پشت پناہی کر رہے اور ایک قوم کو ظلم و ستم کی چکی میں پیس رہے ہیں۔

میں عیسائی علماء سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ بعض طاقتور ممالک کے سربراہوں کو نصیحت کریں اور ان کی ایسے شخص کی پشت پناہی کرنے کی مذمت کریں جو آسمانی تعلیمات سے منہ پھیرے ہوئے ہے۔ قرآن کریم نے حضرت عیسی علیہ السلام کو عظمت و بزرگی کے ساتھ یاد فرمایا اور حضرت مریم (ع)  کی پاکیزگی بیان فرمائی ہے۔ عیسائی قوم پر ضروری ہے کہ مسلمان ملت کا یہ قرض چکائے۔

والسلام

روح اللہ الموسوی الخمینی

صحیفہ امام (رح)، ج۵، ص ۲۷۲

ای میل کریں